جمہوریت کی بقاء کے لئے رائے دہندگان کی شمولیت انتہائی اہمیت کی حامل ہے ۔ گورنر سندھ

جمعرات 7 دسمبر 2017 20:08

جمہوریت کی بقاء کے لئے رائے دہندگان کی شمولیت انتہائی اہمیت کی حامل ..
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 دسمبر2017ء) گورنر سندھ محمد زبیرنے کہا ہے کہ جمہوریت کی بقاء اور استحکام کے لئے رائے دہندگان کی شمولیت انتہائی کلیدی اہمیت کی حامل ہوتی ہے ،2008 ء اور 2013 ء کے انتخابات میں رائے دہنگان نے اپنی طاقت کا بھرپور مظاہر ہ کیا ،پاکستان میں انتخابی عمل اور ووٹ کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لئے الیکشن کمیشن نے 7 دسمبر 2016 ء کو ووٹرز کا پہلا قومی دن منایا اس ضمن میں 7 دسمبر 2017ء ہمارے ووٹرز کا قومی دن ہے۔

جمعرات کو گورنر ہائوس سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے الیکشن کمیشن کے زیر ووٹرز کے قومی دن کے موقع پر منعقدہ تقریب جس کا عنوان ’’آپ کا ووٹ قوم کی امانت تھا‘‘ سے خطاب میں کیا۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ایڈیشنل سکریٹری ڈاکٹر اختر نذیر،صوبائی الیکشن کمشنر رانا پرویز انور اور صوبائی محکموں کے افسران بھی تقریب میں موجود تھے۔

(جاری ہے)

تقریب کے مہمان خصوصی گورنر محمد زبیر نے کہا کہ یہ دن منانے کا مقصد قوم کو ووٹ کی اہمیت اور اس افادیت سے آگاہ کرنا اور جن کے ووٹوں کا اندراج نہیں ہوسکا ان کے ووٹوں کے اندراج کے لئے اقدامات کرنا ہے تاکہ جمہوری عمل میں سب کی شرکت کو یقینی بنایا جا سکے کیونکہ عام انتخابات 2008ء اور 2013ء میں ووٹ ڈالنے کی شرح تقریباً 50 تا 55 فیصد رہی تھی جس میں اضافہ کی وسیع گنجائش ہے۔

انہوں نے ووٹرز کے قومی دن عوام باالخصوص ووٹرز کو یہ پیغام دیا جائے کہ ووٹ کا اندراج اور حق رائے دہی کا استعمال ان کا حق و قومی فریضہ بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے افسران اور جملہ اسٹاف کے جامع تربیت کے لئے مستقبل بنیادوں پر فیڈرل الیکشن اکیڈمی کے قیام اور الیکٹرونک ووٹنگ کے پائلٹ پروجیکٹ کا آغاز خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ شفاف اور منصفانہ انتخابات کا انعقاد ملک کو آگے لے جانے کے لئے اشد ضروری ہے، مردم شماری کے بعد نئی حلقہ بندیوں کے تحت آئندہ انتخابات کا انعقاد الیکشن کمیشن کے لئے ایک چیلنج ہے، انتخابات میں خواتین کی بھرپور شرکت کو یقینی بنانے کے لئے مزید اقدامات کئے جائیں تاکہ ملک کی نصف آبادی کو بھی قومی فیصلہ سازی کے عمل میں شریک کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ اگلے انتخابات میں معذوروں کو پوسٹل بیلٹ کی سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ قابل تعریف ہے۔ انہوں نے الیکشن کمیشن حکام کو ہدایت کی کہ عوام کی آگاہی کے لئے مسلسل مہم چلائیں تاکہ عام انتخابات میں زیادہ سے زیادہ ووٹرز کی شرکت کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن تمام سیاسی جماعتوں سے انتخابی عمل کی اصلاحات کے بارے میں جامع مشاورت کرے، انتخابی عمل میں عوام کی شرکت کو یقینی بنانے میں میڈیا کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ الیکشن کمیشن کے ایڈیشنل سیکریٹری ڈاکٹر نذیر اختر نے اپنے خطاب میں انتخابات کے منصفانہ اور شفاف انعقاد کو یقینی بنانے اور تمام اہل ووٹرز کے ناموں کے اندراج کے بارے میں اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی۔

متعلقہ عنوان :