سینیٹر سراج الحق کی القدس کے حوالے سے (کل )قوم سے ملک گیر احتجاج کی اپیل

جمعرات 7 دسمبر 2017 19:49

سینیٹر سراج الحق کی القدس کے حوالے سے (کل )قوم سے ملک گیر احتجاج کی اپیل
لاہو ر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 دسمبر2017ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے ٹرمپ کی طرف سے القدس کو اسرائیل کا دارالخلافہ قرار دینے کے خلاف کل بروز ( جمعہ ) کو ملک گیر یوم احتجاج کی اپیل کرتے ہوئے وزیراعظم پاکستان سے مطالبہ کیاہے کہ ترکی کے صدر رجب طیب اردگان کی طرف سے 13 دسمبر کو بلائے گئے او آئی سی کے اجلاس میں شرکت کریں اور اس معاملے پر مسلم ممالک کو متحد کرنے کی کوششوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں ۔

انہوںنے کہاکہ بیت المقدس پر یہودی قبضے کو مضبوط کرنے کے امریکی منصوبے کی ناکامی کے لیے امت مسلمہ کا ایک پیج پر ہونا ضروری ہے جس میں پاکستان کا کردار نمایاں ہونا چاہیے ۔ ٹرمپ کی طرف سے القد س کو اسرائیل کا دارالخلافہ قرار دینا جلتی پر تیل ڈالنے کے مترادف ہے ۔

(جاری ہے)

ٹرمپ کے اعلان نے عالمی امن کو خطرے میں ڈال دیاہے ۔ ٹرمپ دنیا کو عالمی جنگ کی آگ میں جھونکنا چاہتاہے تاکہ امریکہ میں اپنی تیزی سے گرتی ہوئی ساکھ کو بہتر بناسکے اور اسے امریکہ میں موجود یہودی لابی کا اعتماد اور سرپرستی حاصل رہے ۔

سراج الحق نے کہاکہ مسلم دنیا کے حکمرانوں کو متحدہو کر اس پر اپنا مشترکہ لائحہ عمل دینا چاہیے ۔ سینیٹر سراج الحق نے ملک کی دینی و سیاسی قیادت کو بھی اپنے باہمی اختلافات کو ایک طرف رکھتے ہوئے قبلہ او ل پر یہودیوں کے مستقل قبضہ کی سازشوں کے خلاف متحد ہونے کی ضرورت پر زور دیا اور ملک بھر کے علماء و خطیب حضرات سے اپیل کی وہ اپنے خطابات جمعہ میں بیت المقدس کی اہمیت کو واضح کریں اور امریکی اشتعال انگیزیوں کے خلاف منبر و محراب سے آواز بلند کریں ۔

متعلقہ عنوان :