قومی ووٹرز دن کے سلسلے میں ڈسٹرکٹ الیکشن کمیشن نوشہروفیروز کی جانب سے سیمینارکاانعقاد

جمعرات 7 دسمبر 2017 19:32

نوشہرو فیروز (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 دسمبر2017ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے ملک میں ووٹرز کے اندراج اور ووٹ کی اہمیت کو اجاگر کرنے کیلئے منائے جانے والے قومی ووٹرز دن کے سلسلے میں ڈسٹرکٹ الیکشن کمیشن نوشہروفیروز کی جانب سے ایک سیمینار ڈپٹی کمشنر آفس کے کمیٹی ہال میں منعقد ہوا، سیمینار کے مہمان خصوصی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمد عثمان طاہر، ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر خالد احمد مرزا،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹو اقبال احمد جنڈان، منتخب بلدیاتی نمائندوں، صحافیوں اور ڈسٹرکٹ ووٹرز ایجوکیشن کمیٹی کے ممبران نے شرکت کی۔

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمد عثمان طاہر نے کہا کہ اس دن منانے کا مقصد عوام میں ووٹ کی اہمیت کو اجاگر کرنے اور ووٹ کے اندراج کے لئے آگاہی پیدا کرنا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں نوجوانوں اور خواتین کے ووٹ رجسٹریشن بہت کم ہے جس کو بہتر بنانے کے لئے منتخب نمائندے انتظامی افسران ، میڈیا اور علمائے کرام کی ذمہ داری ہے کہ عوام میں ووٹ اندراج کے لئے اپنی کوششیں کریں ، اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر خالد احمد مرزا نے کہا کہ ملک میں جمہوریت اور جمہوری عمل میں ووٹ کا بنیادی کردار ہے ، ملک میں خواتین کے ووٹ کے اندراج کے لئے الیکشن کمیشن کی جانب سے مہم شروع کی گئی ہے جس میں الیکشن کمیشن کا ساتھ دیں اور خواتین کو برابری کی بنیاد پر ووٹ کا حق دینے کیلئے ان کا ووٹ داخل کرایا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن ایکٹ 2017کے تحت پاکستانی شہری کاووٹ اس کی شناختی کارڈ میں دی گئی مستقل یا موجودہ پتے پر ووٹ کا اندراج ہوگا۔ جبکہ نئے بننے والے قومی شناختی کارڈ والے نوجوانوں کا ووٹ خود کار نظام کے تحت رجسٹر ہوجائے گا۔اس موقع پر مختلف منتخب نمائندوں او ر صحافیوں نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور ووٹ کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور شناختی کارڈ کے حصول اور ووٹ کے اندراج میں حائل دشواریوں کو ختم کرنے کیلئے اپنی تجاویز دیں۔

بعد ازاں ڈپٹی کمشنر آفس سے پریس کلب نوشہروفیروز تک آگاہی واک کا انعقاد کیا گیاجس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمد عثمان طاہر، ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر خالد احمد مرزا،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹو اقبال احمد جنڈان، منتخب بلدیاتی نمائندوں، صحافیوں اور ڈسٹرکٹ ووٹرز ایجوکیشن کمیٹی کے ممبران نے شرکت کی

متعلقہ عنوان :