Live Updates

عمران خان کے 10دسمبر کے جلسے کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے عبدالعلیم خان کا شیخوپورہ کا دورہ

عوام کا ٹھاٹھیں مارتا ہوا سمندر اپنے قومی ہیرو اور مستقبل کے وزیر اعظم کا استقبال کرے گا‘کارکنوںسے خطاب

جمعرات 7 دسمبر 2017 19:15

عمران خان کے 10دسمبر کے جلسے کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے عبدالعلیم ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 دسمبر2017ء) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی10دسمبر کے جلسہ عام کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے پی ٹی آئی سنٹرل پنجاب کے صدر عبدالعلیم خان نے شیخوپورہ کا تفصیلی دورہ کیا جہاں پارٹی کارکنوں نے اُن کا شاندار خیر مقدم کرتے ہوئے پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور ان کے حق میں زبردست نعرے بازی کرتے ہوئے انہیں جگہ جگہ خوش آمدید کہا ،پی ٹی آئی کے مرکزی نائب صدر و ایم پی اے محمد شعیب صدیقی کے علاوہ ضلع شیخوپورہ کے مقامی رہنما ؤں کی بڑی تعداد اور پارٹی کارکنوں کا جم غفیر اس موقع پر موجود تھا ۔

عبدالعلیم خان نے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اتوار کے روز شیخوپورہ کی سیاسی تاریخ میں نئے باب کا اضافہ ہو گا اور انشاء اللہ عوام ٹھاٹھیں مارتا ہوا سمندر اپنے قومی ہیرو اور مستقبل کے وزیر اعظم کا یادگار استقبال کرے گا ۔

(جاری ہے)

عبدالعلیم خان نے کہا کہ پنجاب کا سیاسی منظر نامہ یکسر بدل چکا ہے اور بالخصوص سینٹرل پنجاب کے ہر ضلع میں نواز لیگ کو چاروں شانے چت کرنے کیلئے تحریک انصاف کی منصوبہ بندی مکمل ہے ۔

دریں اثناء پی ٹی آئی وسطی پنجاب کے صدر عبدالعلیم خان نے اپنے بیان میں کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیل کا درالحکومت تسلیم کرکے دنیا بھر کے مسلمانوں کی نفرت مول لے لی ہے، پی ٹی آئی ہر پلیٹ فارم پر اس اسلام دشمن اقدام کیخلاف آواز اٹھائے گی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ہمیشہ پاکستان اور اسلام کی اقدار کیخلاف اٹھنے والی ہر آواز پر بھرپور احتجاج ریکارڈ کروایا ہے،غیر مندانہ سوچ رکھنے والی قیادت ہی عوام کو سر اٹھاکر جینے کا ہنر سکھاسکتی ہے،اقتدار کیلئے غیر ملکوں میں بیٹھ کر سیاسی ڈرامے کرنے والے اپنی ذات سے باہر نکل کر کچھ سوچنے کو تیار نہیں، ان سے نجات ملنے کے بعد ہی پاکستانی ایک مضبوط قوم کی صورت میں ابھرنے کا خواب دیکھ سکیں گے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :