چین نے امن و استحکام کی بدولت ترقی حاصل کی، وژن 2025 پر عملدرآمد کر کے پاکستان کا شمار 2025 تک دنیا کی 25 بڑی معاشی طاقتوں میں ہو سکتا ہے‘

لوڈشیڈنگ کو شکست دینے میں کامیاب ہو گئے ہیں، چار سالوں میں 10 ہزار میگا واٹ بجلی نیشنل گرڈ میں شامل ہوئی ہے‘ امریکہ کی طرف سے بیت المقدس میں اسرائیلی دارالحکومت کی حمایت اور سفارتخانے کے قیام کا اعلان قابل مذمت ہے وفاقی وزیر داخلہ و ترقی و منصوبہ بندی پروفیسر احسن اقبال کا ہواوے آئی سی ٹی سکل کمپیٹیشن کی اختتامی تقریب سے خطاب

جمعرات 7 دسمبر 2017 19:10

چین نے امن و استحکام کی بدولت ترقی حاصل کی، وژن 2025 پر عملدرآمد کر کے ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 دسمبر2017ء) وفاقی وزیر داخلہ و ترقی و منصوبہ بندی پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ چین نے امن و استحکام کی بدولت ترقی حاصل کی، وژن 2025 پر عملدرآمد کر کے پاکستان کا شمار 2025 تک دنیا کی 25 بڑی معاشی طاقتوں میں ہو سکتا ہے۔ جمعرات کو چینی کمپنی ہواوے آئی سی ٹی سکل کمپیٹیشن کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم لوڈشیڈنگ کو شکست دینے میں کامیاب ہو گئے ہیں، چار سالوں میں 10 ہزار میگا واٹ بجلی نیشنل گرڈ میں شامل ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم چوتھے انڈسٹریل انقلاب کے دور میں داخل ہو رہے ہیں، جو ملک سائنس کے میدان میں مضبوط نہیں ہوگا وہ ترقی کا سفر طے نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے وژن 2025 کی بنیا د رکھی جس کے تصور کے مطابق پاکستان کا 2025 تک دنیا کی 25 بڑی معاشی طاقتوں میں شمار ہو گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چین کی ترقی کا راز امن اور استحکام جیسے عوامل میں کارفرما ہے، آج کا دور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کا دور ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا تشخص ان نوجوانوں سے ہے جن کے پاس سائنس و ٹیکنالوجی کے میدان میں صلاحیتیں ہیں، دنیا نئی ایجادات اور ٹیکنالوجی کے میدان میں ترقی کر رہی ہے۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ مل کر ملک کی حفاظت اور ترقی میں کردار ادا کریں۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ امریکہ کی طرف سے بیت المقدس میں اسرائیلی دارالحکومت کی حمایت اور سفارتخانے کے قیام کا اعلان قابل مذمت ہے، مسلمانوں کے زوال کا سبب سائنس اور ٹیکنالوجی کے علم سے پہلو تہی برتنا ہے۔

پروفیسر احسن اقبال نے کہا کہ منتخب نوجوان چین جا کر پاکستان کا نام روشن کریں گے، برطانیہ کے ساتھ معلوماتی راہداری بنا رہے ہیں تاکہ ہمارے نوجوان برطانیہ کی اعلی یونیورسٹیوں میں تعلیم حاصل کر سکیں۔ وزیر داخلہ نے کامیاب اور منتخب ہونے والے طالب علموں میں انعامات تقسیم کئے۔ پاکستان سے 7000 طلبا نے مقابلے میں شرکت کی۔مختلف مراحل سے گزرتے ہوئے 6طلبا منتخب ہوئے ہیں جو چین میں ہونے والے مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔