پرائیویٹ سکیورٹی ایجنسیز پر عائد 10 فیصد جی ایس ٹی کا جائزہ لیا جائے، مفسر ملک

جمعرات 7 دسمبر 2017 18:39

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 دسمبر2017ء) کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (کے سی سی آئی) کے صدر مفسر عطا ملک نے سکیورٹی ایجنسیز کے کاروبار میں حائل دشواریوں کا جائزہ لیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کے سب سے بڑے چیمبر اور تاجروصنعتکار برادری کی حقیقی نمائندہ ہونے کی حیثیت سے کے سی سی آئی جلد ہی سندھ ریونیو بورڈ (ایس آر بی) کے ساتھ ایک اجلاس منعقد کرنے کے لئے رابطہ کرے گا جس میں سیکیورٹی سروسز پر عائد 10 فیصد جنرل سیلز ٹیکس (جی ایس ٹی) کا جائزہ لینے کے لیے تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اس امر کا اظہار انہوں نے آل پاکستان سیکیورٹی ایجنسیز ایسوسی ایشن (ایپسا) کے چیئرمین میجر (ر) منیر احمد کی سربراہی میں کراچی چیمبر کا دورہ کرنے والے وفد سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر کے سی سی آئی کے سینئر نائب صدر عبدالباسط عبدالرزاق، نائب صدر ریحان حنیف، اعزازی جنرل سیکریٹری ایپسا کرنل (ر) توقیرالسلام اور دیگر ممبران کے علاوہ کے سی سی آئی کی منیجنگ کمیٹی کے اراکین بھی موجود تھے۔

مفسر عطا ملک نے کہا کہ سندھ ریونیو بورڈ (ایس آر بی) کو سیکیورٹی ایجنسیز پر 10 فیصد جی ایس ٹی کا جائزہ لینا چاہئے۔ کے سی سی آئی نے وزیراعلیٰ سندھ کے کراچی چیمبر کے دورے کے موقع پر بھی اس مسئلے پر آگاہ کیا تھا جس پر وزیراعلیٰ سندھ نے چیئرمین ایس آر بی کو متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ فوری تبادلہ خیال کرنے کی ہدایت دی لیکن اب تک کسی قسم کی کوئی پیش رفت سامنے نہیں آئی۔ کے سی سی آئی سیکیورٹی ایجنسیز کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے ترجیحی بنیاد پر اس مسئلے پر توجہ دے گا۔