سندھ بزنس رجسٹریشن پورٹل کی تشکیل ایک ماہ میں مکمل کی جائے، ناہید میمن

جمعرات 7 دسمبر 2017 18:39

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 دسمبر2017ء) چیئر پرسن سندھ بورڈ آف انویسٹمنٹ ناہید میمن نے کہا ہے کہ سندھ بزنس پورٹل کی تشکیل ایک ماہ میں مکمل کی جائے، بزنس پورٹل کی تشکیل سے کاروبار میں آسانیاں پیدا ہوں گی اور بزنس مین کو ون ونڈو کی سہولت میسر آئے گی جس سے بزنس مین کا وقت اور وسائل محفوظ ہوں گے جبکہ دوسری جانب اس پورٹل کی تشکیل اور فعال ہونے سے صوبے میں معاشی سرگرمیاں تیز تر ہو سکیں گی اور کاروبار میں ترقی کے ساتھ ساتھ روزگار کے مزید مواقع پیدا ہوں گے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں منعقدہ کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے (ease of doing business) کے حوالے سے منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ بزنس پورٹل کی جلد تشکیل اور فعالیت کیلئے متعلقہ محکموں بالخصوص محکمہ محنت، محکمہ صنعت، محکمہ آبکاری و محصولات، سیسی اور سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی اور پنجاب آئی ٹی بورڈ سے مل کر پورٹل تیاری کے امور جلد نمٹائے جائیں۔ اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈیپارٹمنٹ محمد یوسف، ورلڈ بینک اور پنجاب آئی ٹی بورڈ کے افسران اور سندھ بورڈ آف انویسٹمنٹ کے افسران نے شرکت کی۔