ڈاکٹر پروین شاہ وائس چانسلر شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور نے شعبہ زولوجی میں مالیکیولر جینیٹکس لیبارٹری کا افتتاح کردیا

جمعرات 7 دسمبر 2017 18:37

خیرپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 دسمبر2017ء) پروفیسر ڈاکٹر پروین شاہ وائس چانسلر شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور نے شعبہ زولوجی میں مالیکیولر جینیٹکس لیبارٹری کا افتتاح کردیا ۔ یاد رہے کہ یہ لیبارٹری ہائیر ایجوکیشن کمیشن پاکستان کے قومی تحقیقی پروگرام برائے جامعات کے تحت 3.7ملین روپے کی لاگت سے قائم کی گئی ہے۔ ڈاکٹر پروین شاہ نے ربن کاٹ کر لیبارٹری کا افتتاح کیا۔

اس موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر پروین شاہ نے کہا کہ یہ لیبارٹری عوام کو کم قیمت پر ٹیسٹوں کی سہولت فراہم کرے گی۔ ڈاکٹر پروین شاہ نے اس ضمن میں ہائیر ایجوکیشن کمیشن پاکستان کو شعبہ زولاجی میں دنیا کی جدید ترین لیبارٹری کے آلات پی سی آر تھرمو سائیکلر، پی ایچ میٹر، ڈیجیٹل ویٹ بیلنس، واٹر باتھ، ورٹیکس مشین ، ڈی این اے مشین و دیگر آلات سے مزین لیبارٹری قائم کرنے پر سراہا۔

(جاری ہے)

انہوں نے پرنسپل انویسٹیگیٹر ڈاکٹر جاوید احمداجن اور شعبہ زولاجی کے سربراہ ڈاکٹر عبدالمنان شیخ کی کاوشوں کی بھی تعریف کی۔ ڈاکٹر جاوید احمد اجن نے لیبارٹری کے مختلف پہلوئوں کے متعلق آگاہی دیتے ہوئے کہا کہ اس لیبارٹری میں ڈی این اے کوالیفیکیشن، میڈیکل ایپلیکیشن، سرطان کی تشخیص، انسانی حیاتیات و دیگر ٹیسٹوں کی سہولیات میسر ہیں۔

ڈاکٹر جاویداجن نے کہا کہ یہ لیبارٹری ایم ایس، ایم فل اور پی ایچ ڈی کے محققین کو تحقیق کے مواقع فراہم کرے گی۔ ڈاکٹر عبدالمنان شیخ سربراہ شعبہ زولاجی نے اپنے شعبے کی تدریسی و تحقیقی سرگرمیوں کے متعلق آگاہی دی اور یونیورسٹی میں تحقیقی کلچر کو فروغ دینے پر وائیس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر پروین شاہ کو سراہا۔ پروفیسر ڈاکٹر تاج محمد لاشاری، پروفیسر ڈاکٹر مقصود ضیا، سید مہدی شاہ راشدی، زیب النسا میمن، ڈاکٹر حاکم علی سہتو، ڈاکٹر خادم حسین میمن، ڈاکٹر صفدر اجن، امتیاز میمن، عمران علی سومرو، علی احمد کندھر، مس زوویا، مس مومل و دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :