عوام کا استحصال کرنیوالوں کو راہ راست پر لانے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائینگے‘ چیئرمین پرائس کنٹرول کمیٹی

سرکاری ریٹ لسٹ باقاعدگی سے جاری ہوتی ہے ،صارفین خریداری کے وقت اس کا ضرور جائزہ لیں ‘ میاں عثمان

جمعرات 7 دسمبر 2017 18:36

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 دسمبر2017ء)چیئرمین پرائس کنٹرول کمیٹی لاہور میاں عثمان نے کہا ہے کہ گراں فروشوں کیخلاف مہم کو کامیاب بنانے کیلئے وقتاً فوقتاًحکمت عملی میں تبدیلی لائی جاتی ہے ،عوام کا استحصال کرنے والوں کو راہ راست پر لانے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے اور اس میں کوئی تفریق نہیں برتی جائے گی۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ایک اجلاس کے دوران کیا جس میں وزیر اعلیٰ پنجاب، کمشنر لاہور ڈویژن اور ڈپٹی کمشنر کے وژن کے مطابق عوا م کومقررہ نرخوں پر معیاری اشیائے خوردونوش کی فراہمی کے حوالے سے اقدامات کا تفصیل سے جائزہ اورمختلف تجاویز پر غور کیا گیا ۔ میاں عثمان نے کہا کہ گراں فروشوں کے خلاف کریک ڈائون میں تیزی لائی گئی ہے اور عوام نے اس حوالے سے کارکردگی کو سراہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی مہم عوام کی شمولیت کے بغیر کامیاب نہیں ہو سکتی اور گراںفروشوں کوراہ راست پر لانے کے لئے بھی عوام کا تعاون درکار ہے ۔ سرکاری ریٹ لسٹ باقاعدگی سے جاری ہوتی ہے اس لئے صارفین خریداری کے وقت اس کا ضرور جائزہ لیں اور گراں فروشی کرنے والوں کا محاسبہ کیا جائے ۔