گورنر سندھ سے لیاقت یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز کے وائس چانسلرکی ملاقات

جامعہ کی کارکردگی ، ہونے والی پیش رفت اور اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے ضمن میں اٹھائے گئے اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ․ صوبہ میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ ، جامعات کی ترقی اور عہد حاضر سے ہم آہنگ نصاب کی تیاری اولین ترجیح ہے، گورنر / چانسلر محمد زبیر

جمعرات 7 دسمبر 2017 18:36

گورنر سندھ سے لیاقت یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز کے وائس ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 دسمبر2017ء) گورنر سندھ / چانسلر محمد زبیر سے لیاقت یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز کے وائس چانسلربیکھا رام نے ملاقات کی ۔ ملاقا ت میں جامعہ کی کارکردگی ، جاری ترقیاتی منصوبوں میں ہونے والی پیش رفت ، اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے ضمن میں اٹھائے گئے اقدامات ، عصر حاضر کے مطابق نصاب کی تیاریوں ، علمی ضروریات اور قومی تقاضوں کے مطابق درس و تدریس کے عمل سمیت اس سے متعلقہ دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

گورنر سندھ نے کہا کہ صوبہ میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ ، جامعات کی ترقی اور عہد حاضر سے ہم آہنگ نصاب کی تیاری اولین ترجیح ہے ، لیاقت یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز دور حاضر کے مطابق اعلیٰ تعلیم کی فراہمی میں سرفہرست ہے با الخصوص طب کے شعبہ میں جامعہ اہم کردار ادا کررہی ہے اس ضمن میں ہر ممکن تعاون و مدد فراہم کرینگے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کارکردگی مزید فعالیت کے ساتھ ساتھ جامعہ کو مزید وسعت دینا قومی تقاضہ ہے تاکہ قومی سطح پر مطلوب ڈاکٹرز کی کمی کو پورا کیا جا سکے ، طب کے شعبہ میں تحقیق اور اس ضمن میں نوجوانوں ڈاکٹرز میں مقابلہ وقت کی اہم ضرورت ہے، شعبہ طب میں جدید تحقیق سے انقلاب برپا ہو چکا ہے ،ہمیں بھی اس جانب بھرپور توجہ دینے کی ضرورت ہے ۔

انہوں نے کہا کہ جامعہ کے فارغ التحصیل طالب علم اندرون و بیرون ممالک پاکستان کا نام روشن کررہے ہیں ، صوبہ کے دور دراز کے علاقوں میں ڈاکٹرز کی کمی کو پورا کرنے کے لئے نوجوان ڈاکٹرزکو راغب کرنا ہوگا ، انسان کو ڈاکٹری کی تعلیم مسیحا بنا دیتی ہے اسی جذبہ سے اپنے پیشہ کو فوقیت دینا ہوگی ۔ملاقات میں وائس چانسلر بیکھا رام نے بتایا کہ جامعہ میں نصابی و غیر نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ تحقیق پر بھرپور توجہ دی جارہی ہے ، قومی تقاضوں ، علمی ضروریات اور عصر حاضر کے مطابق نصاب کی تیاریاں جاری ہیں، صوبہ میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے ضمن میں جامعات کی ترقی میں وفاق کی دلچسپی خوش آئند ہے، چانسلر کی ہدایات کے مطابق جامعہ میں اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :