پی سی بی نے پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن کے شیڈول کا اعلان کردیا

لیگ 22فروری 2018سے یو اے ای میں شروع ہوگی

جمعرات 7 دسمبر 2017 18:02

پی سی بی نے پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن کے شیڈول کا اعلان کردیا
لاہور۔7 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 دسمبر2017ء) پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن کے شیڈول کا اعلان کردیا، لیگ 22فروری 2018سے یو اے ای میں شروع ہوگی ،لیگ کے چار وینیوز میں مجموعی طور پر 34میچز کھیلے جائیں گے ،تمام لیگ میچز اور ایک پلے آف دبئی اور شارجہ میں منعقد ہوں گے جبکہ دو پلے آف لاہور میں اور فائنل کے کراچی میں انعقاد کیلئے کوششیں کی جارہی ہے ،افتتاحی تقریب دبئی انٹرنیشنل سٹیڈیم میں ہوگی ،پہلا میچ پشاور زلمی اور پی ایس ایل کی نئی ٹیم ملتان سلطان کے مابین ہوگا،پی ایس ایل میں شریک ٹیمیں ہر ٹیم سے دو دو بار ٹکرائیں گی ،پی سی بی کے چیئرمین نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل کے پلیٹ فارم پاکستانی کھلاڑیوں کو پوری دنیا میں اپنا ٹیلنٹ دکھانے کا موقع مل رہا ہے اور مجھے امید ہے کہ میچز کے دوران زیادہ سے زیادہ شائقین گرائونڈ میں آئیں گے ۔