الیکشن کمیشن ایک آئینی ادارہ ہے ،انگلی اٹھانے سے پہلے ہمیں خود احتسابی کی طرف جانا چاہئے ‘ ملک رفیق رجوانہ

ہر آنیوالے انتخاب میں الیکشن کمیشن کی کارکردگی بہتر ہو رہی ہے ،تمام سیاسی جماعتیں ووٹ کے تقدس کو برقرار رکھیں‘ گورنر پنجاب

جمعرات 7 دسمبر 2017 17:57

الیکشن کمیشن ایک آئینی ادارہ ہے ،انگلی اٹھانے سے پہلے ہمیں خود احتسابی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 دسمبر2017ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ تمام سیاسی جماعتوں کی ذمہ داری ہے کہ ووٹ کے تقدس کو برقرار رکھیںکیونکہ ووٹ کے ذریعے ہی وطن عزیزپاکستان معرضِ وجود میں آیا،ہر آنیوالے انتخاب میں الیکشن کمیشن کی کارکردگی بہتر ہو رہی ہے جو کہ خوش آئند بات ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں گورنر ہائوس لاہور میں الیکشن کمیشن کے زیر اہتمام ’’ووٹرز کے قومی دن کے موقع پر‘‘ صوبائی سطح پر منعقدہ تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔

تقریب میں ممبر الیکشن کمیشن جسٹس (ر) الطاف ابراہیم قریشی ،ْ صوبائی الیکشن کمشنر شریف اللہ ،ْ جسٹس (ر) ناصرہ جاوید اقبال ،ْ عارف نظامی سمیت الیکشن کمیشن کے افسران موجود تھے ۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان میں جمہوری نظام کے علاوہ کوئی چارہ نہیں اسی سے ہی بہتری کی توقع ہے ، چاہتے ہیں نوجوان نسل کو ایسا نظام دیا جائے جو مثالی ہو ۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن ایک آئینی ادارہ ہے اس پر انگلی اٹھانے سے پہلے ہمیں خود احتسابی کی طرف جانا چاہئے ۔

انہوں نے کہا کہ قوم چاہتی ہے کہ ملک میں انتخابات کا انعقاد شفاف طریقے سے ہو پھر حکومت جس کی بھی بنے وہ اپنی مقررہ آئینی مدت پوری کرے ۔گورنرنے کہا کہ اگر ادارے اپنی حدود میں رہتے ہوئے کام کریں تو تمام مسائل کا حل ممکن ہے ۔انہوں نے کہا کہ میڈیا کو بھی چاہئے کہ وہ بھی جمہوریت کو فروغ دینے کیلئے اپنا کردار ادا کرے ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ممبر الیکشن کمیشن آف پاکستان الطاف ابراہیم قریشی نے کہا کہ ملک میں اس وقت ایک کروڑ 20 لاکھ خواتین ووٹرز کا اندراج کم ہے جن کے اندراج کیلئے خواتین کو مفت شناختی کارڈ کا نادرا کے ذریعے اجراء کروایا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 50 لاکھ افراد کا شناختی کارڈ ہونے کے باوجود ووٹ درج نہیں ،ْ اس وقت 9کروڑ 70 لاکھ کے قریب ووٹرز رجسٹرڈ ہیں جن کی تعداد نئی مردم شماری کے بعد 10 کروڑ سے تجاوز کر جائے گی ،ْ انہوں نے بتایا کہ پہلی دفعہ بیلٹ پیپرز خصو صی واٹر مارک کے ساتھ تیار کیا جا رہا ہے جس کا متبادل تیار نہیں کیا جا سکے گا ۔اس موقع پر صوبائی الیکشن کمشنر شریف اللہ کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کی طرف سے اس سال انتخابی فہرستوں پر نظرثانی کا عمل شروع کر دیا گیا ہے تاکہ آئندہ انتخابات سے قبل فہرستوں کو شفاف بنا دیا جائے اور ووٹرز اپنا حق استعمال کر سکیں ،ْ انہوں نے بتایا کہ الیکشن میٹریل کی بروقت خریداری کیلئے ٹینڈرز کی منظوری ،ْ سپیشل واٹر مارک کے ساتھ بیلٹ پیپرز کی اشاعت جیسے اقدامات کو یقینی بنایا گیا ہے ،اسی طرح الیکٹرانک ،ْ بائیو میٹرک تجربات کی رپورٹ بھی پارلیمنٹ میں پیش کی جائے گی تاکہ اس سلسلہ میں مناسب قانون سازی کی جا سکے ،ْ انہوں نے بتایا کہ رزلٹ مینجمنٹ سسٹم کا قیام بھی عمل میں لایا جا رہا ہے تاکہ نتائج میں کسی قسم کا ابہام نہ رہے ،ْ انہوں نے بتایا کہ الیکشن کمیشن پانچ سالہ سٹریٹجک پلان پر عمل پیرا ہے جس میں اب تک 70 فیصد مقاصد حاصل کئے جا چکے ہیں ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جسٹس (ر) ناصرہ جاوید اقبال ،ْ عارف نظامی سمیت دیگر مقررین نے ووٹ کی اہمیت کے حوالے سے روشنی ڈالی ۔تقریب میں این سی اے کے طلباء نے ووٹ کی اہمیت اجاگر کرنے کیلئے خوبصورت خاکہ بھی پیش کیا جبکہ گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کے طالب علم نے ووٹ کے حق کے حوالے سے تقریر میں روشنی ڈالی۔