کشمیریوں نے اپنے مستقبل کا فیصلہ از خود قیام پاکستان سے قبل ہی پاکستان کیساتھ وابستہ کر لیا تھا، چودھری محمد یاسین

کشمیریوں کی پاکستان کیساتھ محبت اور وابستگی تمام تر مفادات سے بالا تر ہے،آصف زرادری کے نعرے سے ریاست جموں و کشمیر کے عوام میں ایک نئی لہر پیدا ہوئی ہے،مختلف وفود سے گفتگو

جمعرات 7 دسمبر 2017 17:54

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 دسمبر2017ء) آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں قائد حزب اختلاف چوہدری محمد یٰسین نے کہا ہے کہ کشمیریوں نے اپنے مستقبل کا فیصلہ از خود قیام پاکستان سے قبل ہی پاکستان کیساتھ وابستہ کر لیا تھا۔محمود خان اچکزئی کون ہوتا ہے جو پاکستان کو کہے کہ وہ کشمیر سے فوجیں نکالے۔کشمیریوں کی پاکستان کیساتھ محبت اور وابستگی تمام تر مفادات سے بالا تر ہے۔

وہ آج یہاں مختلف وفود سے گفتگو کر رہے تھے۔چوہدری محمد یٰسین نے کہا کہ کشمیریوں کی پاکستان کیساتھ محبت اور وابستگی تمام تر مفادات سے بالا تر ہے۔کشمیریوں نے قیام پاکستان سے قبل اپنا مستقبل پاکستان کیساتھ وابستہ کر دیاتھا۔کشمیریوں کی تین نسلیںپاکستانی پرچم لپیٹے ہوئے قبروں میں مدفون ہیں اور آج بھی شہیدوں کے جنازے پاکستانی پرچم میں لپیٹ کر دفن کئے جاتے ہیں اس وقت تک لاکھوں کشمیری پاکستان کا پرچم اٹھا کر بھارتی فوج کو للکارتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ محمود خان اچکزئی کو پہلے کشمیر کی تاریخ کا مطالعہ کرنا چاہیے اس کے خیالات کو کشمیری عوام سختی سے مسترد کرتے ہیں اور کشمیری عوام ان جیسے غداروں کونفرت کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ میاں محمد نواز شریف بھی کشمیریوں کے خون سے غداری کا مرتکب ہوا اور آج نکالے جانے پر یہ کہتا پھر رہا ہے کہ’’ مجھے کیوں نکالا‘‘۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ کشمیریوں کے مؤقف کی حمایت ہے گولڈن جوبلی جلسہ میں بھی واضح پیغام دیا ہے کہ کشمیر ہماری شہ رگ ہے،بھارت کشمیر کے خواب دیکھنا چھوڑ دے ۔کشمیر لیں گے اور پورے کا پورا لیں گے۔مرد حر اور امام سیاست آصف علی زرادری کے اس نعرے سے ریاست جموں و کشمیر کے عوام میں ایک نئی لہر پیدا ہوئی ہے اور مقبوضہ کشمیر کی تحریک کو نئی مہمیز ملی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا قیام مسلہ کشمیر کی وجہ سے ہوا تھا اور انشاء اللہ کشمیری عوام پیپلز پارٹی کے دور میں ہی آزادی کی منزل حاصل کر کے رہیں گے۔محمود خان اچکزئی جیسے لوگوں کو پاکستان کے عوام نے بھی اسی لئے مسترد کیا ہے کہ وہ قائد اعظم کے اس فرمان سے رو گردانی کی ہے کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے۔قائد اعظم محمد علی جناح کے افکار سے ہٹنے والوں کا انجام بہت برا ہوتا ہے۔پیپلز پارٹی نے قائد اعظم کے اصولوں کو مشعل راہ بنایا ہوا ہے۔

متعلقہ عنوان :