مقبوضہ کشمیر ، حریت رہنمائوں کاشہید نوجوانوں کو خراج عقیدت

بھارت طاقت کے بل پر کشمیریوں کی جدوجہد کو ہرگز دبانہیں سکتا ،شہداء کی قربانیوں کو ہرگز رائیگاں نہیں جانے دیا جائیگا، بیان

جمعرات 7 دسمبر 2017 17:54

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 دسمبر2017ء) مقبوضہ کشمیر میں حریت رہنمائوں اور تنظیموں نے بھارتی فوجیوں کے ہاتھو ں ضلع کولگام کے علاقے قاضی گنڈ میں شہید ہونے والے نوجوانوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ بھارتی فوجیوں نے یاور بشیر اور دیگر دو نوجوانوں کو منگل کے روز محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران شہید کیا تھا۔

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق امین ڈار، خورشید احمد ڈار اور عرفان احمد پر مشتمل جموں وکشمیر مسلم لیگ کے ایک وفد نے کولگام جا کر ایک شہید نوجوان کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔ حریت رہنما غلام محمد سوپور کی ہدایت پر عبدالرشید ڈار اور غلام قادر پر مشتمل ایک اور وفد شہید وقار بشیر کے اہلخانہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے کولگام میں ان کے گھر گیا۔

(جاری ہے)

حریت رہنمائوں شبیر احمد ڈار، محمد اقبال میر، محمد احسن اونتو، امتیاز احمد ریشی اور غلا م نبی وار نے سرینگر میں جاری ایک مشترکہ بیان میں شہید نوجوانوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کی قربانیوں کو ہرگز رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت فوجی طاقت کے بل پر کشمیریوں کی جدوجہد کو ہرگز دبانہیں سکتا اور وہ شہداء کے عظیم مشن کی تکمیل تک تحریک آزادی ہر قیمت پر جاری رکھیں گے۔

متعلقہ عنوان :