بھارت نہتے کشمیریوں پر جبر و استبدادکی تمام حدیں پار کر چکا ہے،محمد یاسین ملک

قابض فورسز کے محاصرے اور تلاشی کی بے جا کارروائیوں کے سبب ان کا جینا دو بھر ہو چکا ہے، وفد سے گفتگو

جمعرات 7 دسمبر 2017 17:54

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 دسمبر2017ء) مقبوضہ کشمیر میںجموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے مقبوضہ علاقے کے اطراف و اکناف میں قابض بھارتی فورسز کے بڑھتے ہوئے مظالم کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت محکوم اور نہتے کشمیریوں پر جبر و استبدادکی تمام حدیں پار کر چکا ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق محمد یاسین ملک نے ضلع بانڈی پورہ کے علاقے حاجن کے ایک وفد سے سرینگر میں اپنی تنظیم کے دفتر پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ قتل وغارت کے ذریعے قوموں کے جذبہ آزادی کو دبانا ممکن نہیں ہوتا لہذا بھارت کو رسوائی کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوگا۔

وفد نے اپنے علاقے میں قابض فورسز کے مظالم بیان کرتے ہوئے کہاکہ حاجن کے علاقے سید محلہ میں بھارتی فوج اور سپیشل آپریشن گروپ نے ایک مشترکہ آپریشن کے دوران دھان اور گھروں میں رکھے مویشیوں کے چارے کو بھی نذر آتش کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ فورسزاہلکار جیل میں دو برس سے غیرقانونی طور پر نظر بند عبدالحمید پرے کے گھر کے علاوہ دیگر گھروںمیں داخل ہوئے اور بچوں ، خواتین اور معمر افراد سمیت اہلخانہ کومار پیٹ کا نشانہ بنایا اور گھریلو اشیا ء کی توڑ پھوڑ کی۔

انہوں نے کہا کہ قابض فورسز کی طرف سے محاصرے اور تلاشی کی بے جا کارروائیوں کے سبب ان کا جینا دو بھر ہو چکا ہے۔ محمد یاسین ملک نے اس موقع پر وفد کے ارکان کے ساتھ بھر پور اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کی بیش بہا قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی اور بھارت کو ایک روز اپنے مظالم کا حساب ضرور دینا پڑے گا۔ دریں اثنا محمد یاسین ملک نے شہید غلام حسن بٹ المعروف یاور خان ،شہید اشتیاق احمد بخاری المعروف بادشاہ خان اورشہید عبدالرشید ڈار کو انکی شہادت کی برسی پر شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہدا کی قربانیاں تحریک آزادی کا ایک قیمتی اثاثہ ہے جس کی ہرقیمت پر حفاظت کی جائے گی۔

انہوںنے کہا کہ کشمیری اپنے عظم شہداء کے مشن کی تکمیل تک اپنی جدوجہد ہر قیمت پر جاری رکھیں گے۔

متعلقہ عنوان :