پریسٹن یونیورسٹی میں سینئر سفیر اور سیاستدان محمد اکرم ذکی کی یاد میں ادبی ریفرنس کا انعقاد

جمعرات 7 دسمبر 2017 17:32

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 دسمبر2017ء) پریسٹن یونیورسٹی میں سینئر سفیر اور سیاست دان محمد اکرم ذکی کی یاد میں ادبی ریفرنس کا اہتمام کیا گیا جس میں اسپیکرز نے ان کی زندگی کے مختلف پہلوئوں اور کامیابیوں پر روشنی ڈالی۔ جمعرات کو ادبی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پریسٹن یونیورسٹی کے چانسلر ڈاکٹر عبدالباسط نے کہا کہ محمد اکرم ذکی ایک نامور سفارتکار اور سیاست دان تھے، ان کی غیر ملکی سفارتی و سیاسی خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

ریفرنس کے شرکاء نے اکرم ذکی کے ایصال ثواب کے لئے دعا کی۔ ریفرنس میں اکرم ذکی کے اہل خانہ بھی شریک تھے۔ اکرم ذکی 27 اکتوبر 1931ء کو پیدا ہوئے۔ وہ پاکستان مسلم لیگ کے سینئر رہنما تھے اور سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور کے چیئرمین رہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے چین، نائجیریا، فلپائن اور ریاست ہائے متحدہ امریکہ میں سفیر کے طور پر بھی خدمات سرانجام دیں۔

اکرم ذکی ذوالفقار علی بھٹو اور جنرل ضیا کے ادوار میں سیکرٹری جنرل اور خارجہ امور کے وزیر مملکت رہے۔ ان کے 40 سالہ شاندار سفارتی کیریئر کا آغاز 1954ء میں ہوا۔ اکرم ذکی اسلام آباد سے چھ سال کی مدت (21 مارچ 1997 سے 20 مارچ 2002) کے لئے سینیٹ کے رکن منتخب ہوئے۔ وہ 1993ء میں فارن سروس سے ریٹائرمنٹ کے بعد دوبارہ پاکستان مسلم لیگ کے فعال رکن بن گئے تھے۔