ائیر چیف مارشل سہیل امان نے فضائی حدود میں داخل ہونے والے امریکی ڈرونز کو مار گرانے کا حکم جاری کر دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 7 دسمبر 2017 17:23

ائیر چیف مارشل سہیل امان نے فضائی حدود میں داخل ہونے والے امریکی ڈرونز ..
کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 07 دسمبر 2017ء): ائیر چیف مارشل سہیل امان نے پاکستان کی فضائی حدود میں داخل ہونے والے امریکی ڈرونز مار گرانے کا حکم دے دیا ۔ اپنے ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ پی اے ایف کو پاکستان کی فضائی حدود میں داخل ہونے والے امریکی سمیت تمام ڈرونز مار گرانے کے احکامات دے دئے گئے ہیں۔ اسلام آباد میں ایک خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کامرہ ائیر بیس پر ہونے والا حملہ پی اے ایف (پاکستان ائیر فورس) کی تاریخ کا بد ترین اور بد قسمت حملہ تھا۔

انہوں نے افغانستان سے ہونے والے حملوں سے متعلق ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پاک فضائیہ نے ملک میں امن کی بحالی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ پاکستان میں امن میں خلل ڈالنے والے ہمیشہ ہی ناکام ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

یہاں تک کہ بھارتی جنگجوؤں نے بھی ہماری کامیابیوں کا اعتراف کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کامرہ ائیر بیس پر حملے کے بعد ہم نے نہ صرف پاک فضائیہ کو مضبوط کیا بلکہ ہم نے قوم کو خود مختاری کی جانب بھی گامزن کیا۔ ائیر چیف مارشل کا کہنا تھا کہ پاکستان اب اپنے جنگی طیارے خود تیار کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس معاملے میں بہت بد قسمت ہیں کہ ہمارے ہمسایہ ممالک ہی ہمیں نقصان پہنچا رہے ہیں۔ بھارت ہمارا ازلی دشمن ہے اور کامرہ ائیر بیس پر حملے کے پیچھے بھی بھارت کا ہی ہاتھ تھا۔