حکومت ملک میں رئیل سٹیٹ کے شعبہ کے فروغ کے لئے پرعزم ہے، ہارون اختر خان

جمعرات 7 دسمبر 2017 17:20

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 دسمبر2017ء) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے ریونیو ہارون اختر خان نے کہا ہے کہ حکومت ملک میں رئیل سٹیٹ کے شعبہ کے فروغ اور سمندر پار پاکستانیوں کو اس شعبہ میں سرمایہ کاری کے لئے سہولیات دینے کے لئے پرعزم ہے، اس سے ترسیلات زر بڑھیں گی اور ریونیو میں اضافہ ہو گا۔

(جاری ہے)

وہ رئیل سٹیٹ کے شعبہ کی نمائندہ تنظیم کے وفد سے بات چیت کر رہے تھے جس نے رئیلٹرز فیڈریشن آف پاکستان کے صدر محمد رفیق کی قیادت میں جمعرات کو یہاں ایف بی آر ہائوس میں ان سے ملاقات کی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت قومی معیشت کی نمو میں رئیل سٹیٹ سیکٹر کی اہمیت کو سمجھتی ہے، ہم اس شعبہ میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے تمام سہولیات فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہیں۔ اس موقع پر ہارون اختر نے وفد کی جانب سے رئیل سٹیٹ کی ترقی سے متعلق سفارشات کی تیاری کے لئے وسیع البنیاد کمیٹی کی تشکیل بارے تجویز کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ ان کے مسائل کے حل کے لئے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔