سیاستدانوں ،دیگر شخصیات کے بیرون ملک اثاثے واپس لانے کیلئے درخواست پر ڈپٹی اٹارنی جنرل طلب

جمعرات 7 دسمبر 2017 16:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 دسمبر2017ء) لاہور ہائیکورٹ نے نواز شریف، شہبازشریف، پرویز الٰہی سمیت 64سیاست دانوں اور دیگر شخصیات کے بیرون ملک اثاثے واپس لانے کے لئے درخواست پر ڈپٹی اٹارنی جنرل کو طلب کرلیا ۔ گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس مامون رشید شیخ نے کیس کی سماعت کی ۔درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ سیاسی اور کاروباری شخصیات نے پاکستان سے چار سو ارب ڈالر غیر قانونی طور پر بیرون ملک منتقل کئے، جن میں نواز شریف،شہباز شریف،پرویز الٰہی سمیت دیگر افراد شامل ہیں ۔

درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کے صاحبزادوں نے برطانیہ میں ڈیرھ سو جائیدادیں خرید یں، جس سے قومی خزانے کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا۔

(جاری ہے)

درخواست میں فریق بنائے گئے تمام سیاستدانوں نے بیرون ملک اثاثے بنا کر ملک کو کنگال کیا لہٰذا عدالت سیاستدانوں کی طرف سے بیرون ملک بینکوں میں رکھے گئے پیسے وطن واپس لائیں جائیں، اسی طریقے سے ملک کی حالت تبدیل کی جا سکتی ہے اور حقیقی انقلاب برپا کیا جا سکتا ہے۔جس پر فاضل عدالت نے نواز شریف،شہباز شریف،پرویز الٰہی سمیت چونسٹھ سیاست دانوں اور دیگر شخصیات کے بیرون ملک اثاثے واپس لانے کی درخواست پر ڈپٹی اٹارنی جنرل کو طلب کرلیا جبکہ پنجاب حکومت کے وکیل کو بھی جواب جمع کروانے کا حکم دیا گیا ہے۔