لاہور ہائیکورٹ نے پرائیویٹ میڈیکل کالجز کو براہ راست داخلوں کی اجازت دیدی

ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن نے ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کر لیا

جمعرات 7 دسمبر 2017 16:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 دسمبر2017ء) لاہور ہائیکورٹ نے پرائیویٹ میڈیکل کالجز کے طلبا کو داخلوں کی اجازت کیلئے دائر درخواستوں پر فیصلہ سناتے ہوئے کالجز کو براہ راست داخلے کرنے کی اجازت دے دی۔لاہور ہائیکورٹ کی جسٹس عائشہ اے ملک کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے 30 نومبر کو فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

(جاری ہے)

وکیل پرائیویٹ میڈیکل کالجز کا کہنا تھا کہ طلبا کی داخلوں کے لیے درخواستیں آرہی ہیں، پی ایم ڈی سی کے قانون کے مطابق ہمیں داخلوں کی اجازت نہیں دی گئی، عدالت طلبا کے داخلوں کی اجازت دینے کا حکم دے۔

وکیل پی ایم ڈی سی کا کہنا تھا کہ قانون کے مطابق پرائیویٹ میڈیکل کالجز کو طلبا کو داخل کرنے کا اختیار نہیں، قانون کے تحت میڈیکل کالجز میں داخلوں کا اختیار سینٹرل ایڈمشن پالیسی کے تحت یو ایچ ایس کو حاصل ہے، عدالت نے دلائل کی روشنی میں پی ایم ڈی سی کی سنٹرل پالیسی مسترد کرتے ہوئے پرائیویٹ میڈیکل کالجز کو داخلے کرنے کی اجازت دے دی۔دوسری جانب ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن نے ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔