مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کے امریکی فیصلے کیخلاف کل کشمیرمیں مظاہرے کئے جائیںگے

جمعرات 7 دسمبر 2017 16:50

سرینگر۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 دسمبر2017ء) پورے مقبوضہ کشمیرمیں عوام کل جمعہ کو مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیل کا دارلحکومت تسلیم کرنے کے امریکہ کے فیصلے کے خلاف پرامن احتجاج کریںگے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مظاہروں کی کال سیدعلی گیلانی ،میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ حریت قیادت نے دی ہے ۔ حریت قیادت نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاہے کہ یروشلم کی مقدس سرزمین ‘ دنیا میں بسنے والے کروڑوں مسلمانوں کیلئے انتہائی اہم مقام کی حامل ہے۔

یہ زمین ہمارا قبلہٴ اوّل ہے اور ہمارے دینی و مذہبی جذبات و احساسات کے ساتھ وابستہ ہے اور اس سرزمین کو صیہونی ریاست اسرائیل کا دار الحکومت قرار دینے کے فیصلے کو کوئی بھی مسلمان برداشت نہیں کرسکتا۔

(جاری ہے)

اس قسم کے غیر معقول فیصلے سے امریکی صدرکی فسطائی حکومت اپنی بچگانہ سیاست اور مسلمان دشمنی کا بھرپور مظاہرہ کررہی ہے جس کے سنگین نتائج نکلیں گے اور عالمی امن کو شدیدخطرناک کا سامنا ہو گا ۔

انہوںنے کہا کہ اس قسم کے یک طرفہ مسلم دشمن فیصلے دنیا کے امن و استحکام اور بھائی چارگی کی فضا کو مذید ابتر کرنے کا باعث بن سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس قسم کے فیصلے سے دنیا میں امن و استحکام اور تعمیر و ترقی کاخواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا ۔ مشترکہ قیادت نے امت مسلمہ سے اس امریکی فیصلے خلاف متحد ہونے کی اپیل کرتے ہوئے کہاکہ ہم پر لازم ہے کہ ہم اپنے فلسطینی بھایئوں کی مدد و نصرت اور اس سرزمین کی آزادی کے حوالے سے سرگرم عمل رہیں۔

انہوں نے کہا کہ یروشلم کو اسرائیل کا دارالخلافہ قرار دینے کے امریکی فیصلے کے خلاف کشمیری کل نمازجمعہ کے بعدبھر پور ‘ پرامن احتجاجی مظاہرے کریں گے اور اس فیصلے کے خلاف آواز بلند کریں گے۔ حریت رہنمائوںنے کہا کہ نہتے کشمیریوں کو بھارت بدترین ریاستی ظلم و تشدد کا نشانہ بنارہا ہے لیکن انسانی حقوق کے چیمپین خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔

انہوںنے کہاکہ دس دسمبر بروز اتوار کو انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر کشمیری مکمل احتجاجی ہڑتال کریں گے اور شام کو گھروں میں بلیک آئوٹ کیا جائے گا جبکہ اسی دن لال چوک سرینگر میں متحدہ حریت قائدین کی سربراہی میں ایک پروقار احتجاجی ریلی بھی نکالی جائیگی جو سرینگر میں اقوام متحدہ کے فوجی مبصر دفتر جا کر ایک یادداشت پیش کرے گی ۔ اس کے ساتھ ساتھ کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کو اجاگر کرنے کیلئے ہفتہ کے روز حیدر پورہ میں ایک سمینار منعقد کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :