وزارت انسانی حقوق کے زیر اہتمام 10 دسمبر کو لوک ورثہ اسلام آباد میں انسانی حقوق فیسٹیو ل منعقد ہوگا

جمعرات 7 دسمبر 2017 16:20

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 دسمبر2017ء) وزارت انسانی حقوق کے زیر اہتمام انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر 10 دسمبر کو لوک ورثہ اسلام آباد میں انسانی حقوق فیسٹیول کا اہتمام کیا جارہا ہے جس کامقصد عوام میں انسانی حقوق سے متعلق شعور و آگاہی پیدا کرنا ہے۔ جمعرات کو وزارت انسانی حقوق کی طرف سے جاری بیان کے مطابق اس موقع پر مختلف اداروں، این جی اوز کی طرف سے سٹالز لگائے جائیں گے جبکہ تھیٹر، پپٹ شو، میوزیکل پروگرام، انسانی حقوق کے موضوع پر شاعری، انعام گھر اور بچوں و نوجوانوں کے مابین مقابلوں کا اہتمام بھی کیا جائے گا۔

اس کے علاوہ انسانی حقوق پر ڈاکومنٹری، صنفی تشدد کے حوالہ سے مردوں کے نقطہ نظر پر سروے کا اجراء کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

سرکاری و غیر سرکاری اداروں کو بھی اس فیسٹیول میں کارکردگی دکھانے کا موقع فراہم کیا گیا ہے اور انسانی حقوق کے تحفظ اور فروغ کے لئے بچوں اور نوجوانوں کے رنگا رنگ مقابلے اور پروگرام تشکیل دئیے گئے ہیں ۔ثقافتی پروگرام انعام گھر کے ساتھ ساتھ کٹھ پتلی شو اور موسیقی کے پروگرام بھی شامل ہیں ۔

اس موقع پر انسانی حقوق ایوارڈز بھی دیئے جائیں گے۔ بیان کے مطابق انسانی حقوق کی وزارت،ذات تخلیق ،رنگ ،جنس ،نسل اور مذہب کی بنیاد پر تمام انسانوں اور پر امن تعاون کی مساوات کے ساتھ ساتھ غیر امتیازی سلوک کے ساتھ پر عزم کام کر رہی ہے ۔وزارت کا اس بات پر یقین ہے کہ انسانی حقوق کی حفاظت اور فروغ برداشت کے لیے اور اس پر انحصار معاشرے کے لیے ضروری ہے ۔

حکومت انسانی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے پالیسی اور قانونی اصلاحات اور ادارہ جاتی میکنزم سمیت کئی اقدامات کر رہی ہے۔ انسانی حقوق کی خلاف ورزی کے خاتمے کے لیے خود مختارنیشنل کمیشن اور ٹول فری ہیلپ لائن’’1099 ‘‘ بھی قائم کئے گئے ہیں ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ وزارت انسانی حقوق، انسانی حقوق کے ایکشن پلان پر بھی عملمدرآمد کر رہی ہے جو خواتین ،بچوں،اقلیتوں ،معذوروں ،بزرگ شہریوں اورخواجہ سرائوں کے حقوق کا تحفظ کرتا ہے ۔وزارت انسانی حقوق کا اس بات پر یقین ہے کہ انسانی حقوق کے عالمی دن کی یادگار اس کی بنیادی روح بارے عزم کو مضبوط کرے گا۔ وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق تقریب کے مہمان خصوصی ہوں گے۔