اسلام آباد میں قومی میوزیم کی تعمیر کے لئے قطعہ زمین اور مالی وسائل فراہم کردئیے گئے ہیں، عرفان صدیقی

آئندہ برس کے آغاز میں میوزیم کا سنگ بنیاد رکھ دیا جائے گا، وزیراعظم کے مشیر برائے قومی تاریخ وادبی ورثہ

جمعرات 7 دسمبر 2017 16:13

اسلام آباد میں قومی میوزیم کی تعمیر کے لئے قطعہ زمین اور مالی وسائل ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 دسمبر2017ء) وزیراعظم کے مشیر برائے قومی تاریخ وادبی ورثہ عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں قومی میوزیم کی تعمیر کے لئے قطعہ زمین اور مالی وسائل فراہم کردئیے گئے ہیں اور آئندہ برس کے آغاز میں اس منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا جائے گا۔ یہ اعلان انہوں نے جمعرات کو جشن آزادی کی 70سالہ تقریبات کے تسلسل میں’’ پاکستان کا ثقافتی ورثہ ‘‘کے عنوان سے منعقدہ نوادارات کی نمائش کے افتتاح کے موقع پر کیا۔

قومی تاریخ وادبی ورثہ ڈویژن کے ذیلی ادارہ ’ڈیپارٹمنٹ آف آرکیالوجی اینڈمیوزیمز‘ کے زیراہتمام نمائش کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عرفان صدیقی نے کہاکہ عصری تقاضوں سے ہم آہنگ بین الاقوامی معیار کا نیشنل میوزیم ساڑھے تین ایکڑ رقبے پر محیط ہوگا۔

(جاری ہے)

اس مقصد کے لئے حکومت نے ضروری وسائل بھی فراہم کردئیے ہیں جس کے بعد اب اس قومی منصوبے پر کام کا آغاز آئندہ سال ہوجائے گا۔

انہوں نے کہاکہ اسلام آباد میں قومی میوزیم کی ضرورت ایک عرصہ سے محسوس کی جارہی تھی۔ دنیا کے تمام ممالک کے دارالحکومتوں میں میوزیمز ہوتے ہیں جن کے ذریعے دنیا بھر سے آنے والے لوگ وہاں کی تہذیب اور ثقافت سے آگاہی حاصل کرتے ہیں۔ یہ مختلف معاشروں کے درمیان مکالمے، مذاکرے اور ہم آہنگی میں بھی اہم کردار اداکرتے ہیں۔ نوجوانوں کی تربیت اور انہیں ماضی سے روشناس کرانے کا ایک بہترین ذریعہ ہوتے ہیں۔

مشیر وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان ثقافتی اور نوادراتی ورثہ سے مالا مال ہے۔ یہاں اسلامی تاریخ کے علاوہ قدیم ترین انسانی تہذیبوں کے آثار موجود ہیں جس کی بنائ پر یہ خطہ دنیا بھر میں اپنی منفرد اہمیت رکھتا ہے۔ پاکستان میں موجود آثار قدیمہ کے چھ مختلف مقامات کو اقوام متحدہ کے ادارے یونیسکو کی ورثہ کی عالمی فہرست میں شامل کرلیاگیا ہے جوملک کے لئے اعزاز ہے۔

پاکستان نے 26 ایسے ہی قدیم ترین مقامات کو یونیسکو کی ابتدائی فہرست میں بھی شامل کرا لیا ہے۔ مشیر وزیراعظم نے نمائش کے انعقاد اور انتظامات پر وفاقی سیکریٹری انجینئرعامر حسن، ڈائریکٹر جنرل ڈیپارٹمنٹ آف آرکیالوجی اینڈمیوزیمز (ڈوم)سید جنید اخلاق اور دیگر حکام کی کارکردگی کو سراہا۔ اس موقع پر وفاقی سیکریٹری انجینئرعامر حسن، ڈوم کے ڈی جی سید جنید اخلاق اور جوائنٹ سیکریٹری قومی تاریخ وادبی ورثہ عبدالمجید نیازی نے بھی خطاب کیا۔

تقریب میں ترکی، فرانس، سری لنکا سمیت مختلف ممالک کے سفارتکاروں، ترکی اور اقوام متحدہ کے ثقافت اور آثارقدیمہ سے متعلق اداروں کے نمائندگان، ماہرین اور محققین کے علاوہ درس گاہوں کے طلبائ وطالبات اور عام لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ عرفان صدیقی نے سفارتکاروں کے ہمراہ نمائش میں رکھے گئے نوادارت اور فن پارے بھی دیکھے۔تقریب میں شریک غیرملکی مہمانوں نے قومی تاریخ وادبی ورثہ ڈویژن اور ڈوم کی کاوش کو سراہتے ہوئے کہاکہ اپنے تہذیبی تنوع اور مختلف تہذیبوں کا سنگم ہونے کی وجہ سے پاکستان کی دنیا بھر میں بے حد اہمیت ہے۔

اس ورثہ کا تحفظ اور دنیا کو اس سے روشناس کرانا نہایت اہم ہے۔ انہوں نے کہاکہ ایک دوسرے کی تہذیب وثقافت کو جاننے سے اقوام اور افراد کے درمیان ہم آہنگی بڑھتی ہے۔ یہ عمل تحمل، برداشت اور ایک دوسرے کے کلچر کے احترام کے فروغ میں بھی معاون ثابت ہوتا ہے۔

متعلقہ عنوان :