ْ وفاقی نظامت تعلیمات وفاقی دارالحکومت کے نجی و سرکاری سکولوں کے طلباء کو 80لاکھ کے سکالرشپ دے گا

جمعرات 7 دسمبر 2017 16:04

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 دسمبر2017ء)وفاقی نظامت تعلیمات وفاقی دارالحکومت کے نجی و سرکاری سکولوں کے طلباء کو 80لاکھ کے سکالرشپ دے گا۔ جمعرات کو وفاقی نظام تعلیمات کے حکام نے ’’اے پی پی‘‘ کو بتایاکہ یہ سکالرشپ پانچویں اور آٹھویں جماعت کے طلباء کو دی جائے گی۔ سکالرشپ مکمل طور پر میرٹ بیسڈ ہو گی جس کے لئے وفاقی نظامت تعلیمات کے سنٹرلائزڈ سسٹم آف ایگزامینیشن کے تحت امتحانات لئے جائیں گے ۔

پانچویں جماعت کی سکالرشپ کے لئے فارم جمع کرانے کی آخری تاریخ 11دسمبر اور آٹھویں جماعت کی سکالرشپ کے لئے فارم جمع کرانے کے لئے آخری تاریخ 26 دسمبر مقرر کی گئی ہے ۔ پانچویں جماعت کے 300 طلباء وطالبات کو 3سال کے لئے 6ہزار روپے سالانہ اور آٹھویں جماعت کے 200 طلباء وطالبات کو 2 سال کے لئے 6000روپے سالانہ سکالرشپ کی مد میں دی جائیں گے۔

(جاری ہے)

سکالرشپ کے لئے نصف تعداد طالبات کی ہو گی۔

حکام نے بتایاکہ سکالرشپ کے امتحانات میں پہلی تین پوزیشنوں پر آنے والے طلباء کوبالترتیب 50ہزار ،40 ہزار اور 30ہزار روپے کے نقد انعامات بھی دیئے جائیں گے۔ وفاقی نظامت تعلیمات کے حکام کے مطابق 2016ء میں ہونے والے سکالرشپ کے امتحانات میں 23ہزار پانچویں اور 2ہزار آٹھویں جماعت کے طلباء و طالبات میں حصہ لیا تھا۔