ادویات کی قیمتوں کے تعین کیلئے ڈرگ پرائسنگ کمیٹی کا دو روزہ اجلاس اختتام پذیر ہو گیا

جمعرات 7 دسمبر 2017 16:04

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 دسمبر2017ء) ادویات کی قیمتوں کے تعین کے لیے ڈرگ پرائسنگ کمیٹی کا دو روزہ اجلاس اختتام پذیر ہوگیا۔ اجلاس میں وزارت خزانہ ، وزارت صحت ، صوبائی صحت کے محکمہ اور ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کے افسران نے شرکت کی ۔ کمیٹی کے شرکاء نے ڈرگ پرائسنگ پالیسی 2015ء کے تناظر میں ورکنگ پیپرز کا مشاہدہ کیا اور زیر بحث لائے۔

اس موقع پر کمیٹی نے نئی ادویات کی قیمتوںکو فکس کرنے کے حوالے سے اپنی سفارشات پیش کیں جن میں ہیپاٹائٹس اے، بی اور سی،کینسر، پھیپھڑوں کے انفیکشن، دمہ اور پارکنسن، ایپیلیسی، ذیابطیس، آسٹیوپروزس، ہائیپرٹینشن، پرٹوسسز اور تنشنج کی ویکسین شامل ہیں۔ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے کہا ہے کہ ہیپاٹائٹس اے، بی، سی اور کینسر کے مریضوں تک جدید علاج اور اس کی ویکسین کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے گا۔

(جاری ہے)

جنیرک ادویات کی کم قیمتوں پر مارکیٹنگ اور ان ادویات کی دستیابی ادویہ ساز کمپنیوں میں مزید مقابلے کی فضا کو بہتر بنائے گی۔ نئی ادویات کی قیمتوں کا نوٹیفیکشن وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد کیا جائے گا۔ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے وضاحت کی ہے کہ کسی بھی ادویات کی قیمت میں اضافے کا کوئی ایجنڈا میٹنگ میں شامل نہیں کیا گیا اور نہ ہی اس حوالے سے کوئی منظوری دی گئی ہے۔