ملک ابرار احمد کا ووٹ انداراج مہم کی کامیابی کے لئے اراکین پارلیمنٹ ‘راولپنڈی شہر و چھائونی کی یونین کونسلوں اور وارڈوں کے منتخب ممبران کی بھرپور شمولیت پرزور

ووٹوں کے اندارج ‘درستگی کے لئے راولپنڈی ضلع بھر میں 1200سے زائد ڈسپلے سینٹروں سے متعلق عوام کو بروقت آگاہ کیا جائی ملک ابرار کا پوٹھوہار ہال راولپنڈی میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ووٹرز ڈے کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب

جمعرات 7 دسمبر 2017 16:04

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 دسمبر2017ء) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے امور کشمیر ‘گلگت بلتستان کے چیئرمین ملک ابرار احمد نے الیکشن کمیشن کی جانب سے 15دسمبرتا 10اپریل تک ووٹ انداراج مہم کو کامیاب بنانے کے لئے اراکین پارلیمنٹ ‘راولپنڈی شہر و چھائونی کی یونین کونسلوں اور وارڈوں کے منتخب ممبران کی بھرپور شمولیت پرزور دیا ہے ‘ووٹوں کے اندارج ‘درستگی کے لئے راولپنڈی ضلع بھر میں 1200سے زائد ڈسپلے سینٹروں سے متعلق عوام کو بروقت آگاہ کیا جائے تا کہ نئے ووٹوں کے اندراج میں مزید آسانی ہوسکے ‘الیکشن کمیشن پولنگ سکیم میں ووٹوں کی قریب ترین پولنگ سٹیشن میں موجودگی کو یقینی بنانے کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے ۔

وہ جمعرات کو پوٹھوہار ہا ر میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ووٹر ڈے کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔

(جاری ہے)

تقریب کا انعقاد ڈسٹرکٹ الیکشن کمشن راولپنڈی اور ایس ایس ڈی او کے اشتراک سے کیا گیا ۔ضلعی الیکشن کمشنر زاہد سبحانی ‘ایس ایس ڈی او کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر سید کوثر عباس‘ ضلعی امن کمیٹی کے چیئرمین سید اظہار حسین شاہ بخاری کے علاوہ راولپنڈی شہر و چھائونی کے معززین علاقہ کی بڑی تعداد موجود تھی ۔

ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر راولپنڈی زاہد سبحانی نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 2013کے عام انتخابات میں راولپنڈی کے ووٹروں کی مجموعی تعداد 26لاکھ تھی اور معمول کی ووٹر اندراج مہم کے بعد اب راولپنڈی میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 29لاکھ ہوچکی ہے ۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان اور نادرا کے درمیان معاہدہ طے پایا ہے جس کے مطابق 18سال عمر مکمل ہونے پر نادراجیسے ہی قومی شناختی کارڈ جاری کرتا ہے تو اسکے کوائف الیکشن کمیشن کو موصول ہوجاتے ہیں جس کے بعد الیکشن کمیشن کی ٹیمیں ڈور ٹو ڈور تصدیقی عمل کے بعد ووٹ رجسٹرڈ کرسکتی ہیں ۔

انہوں نے بتایا کہ انتخابات قانون 2017کے مطابق اب ووٹرز اپنے مستقل یا عارضی ایڈریس میں سے کسی بھی ایک آپشن کا استمعال کرتے ہوئے اپنے ایک ایڈریس پر ووٹ اندارج ‘تبدیلی یا درستگی کراسکے گا ۔انہوں نے بتایا کہ 15دسمبر سے ووٹ اندراج مہم شروع کی جارہی ہے جو کہ 10اپریل تک جاری رہے گی اس میں عوام الناس ‘منتخب عوامی نمائندے بھر پور حصہ لیں ۔

انہوں نے بتایا کہ راولپنڈی میں 1200ڈسپلے سینٹرز بھی قائم کیے جائیں گے جہاں پر ووٹرز سے آویزاں کی جانے والی فہرستوں پر اعتراضات وصول کیے جائیں گے ۔ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے امور کشمیر ‘گلگت بلتستان کے چیئر مین ملک ابرار احمد نے کہا کہ ووٹ کے اندراج کے لئے اگر کوئی ذیادہ سب سے فعال اور موثر کردار ادا کرسکتا ہے تو وہ اراکین پارلیمنٹ ‘منتخب بلدیاتی نمائندے ہیں ۔

اس عمل میں ان کی شمولیت کو یقینی بنایا جائے ۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن اس امر کو بھی یقینی بنائے کہ جب پولنگ سکیم تیار کی جائے تو اس میں ووٹر کے لئے قریب ترین پولنگ سٹیشن رکھا جائے تاکہ ووٹر آسانی سے اپنا ووٹ دے سکے ۔ایس ایس ڈی او کے ای ڈی کوثر عباس نے شرکاء کو ووٹ کی اہمیت ‘ووٹ بنانے کے عمل ‘الیکشن کمیشن کے قوانین اور دیگر امور کے حوالے سے آگاہ کیا ۔