حنا پرویز بٹ نے ڈونلڈٹرمپ کی طرف سے امریکی سفارتخانہ بیت المقدس منتقل کرنے کیخلاف قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کرادی

جمعرات 7 دسمبر 2017 15:59

لاہور۔7 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 دسمبر2017ء) مسلم لیگ(ن) کی رکن پنجاب اسمبلی حنا پرویز بٹ نے ڈونلڈٹرمپ کی طرف سے امریکی سفارتخانہ بیت المقدس منتقل کرنے کیخلاف قرارداد جمع کرادی۔ قرار داد میں کہا گیا ہے کہ امریکہ کے اس فیصلے نے پوری امت مسلمہ کی توہین کی ہے۔

(جاری ہے)

امریکہ کی یہودی نواز پالیسی پوری دنیا کے سامنے عیاں ہو چکی ہے، سلامتی کونسل،عرب لیگ سمیت تمام اسلامی ممالک کو یکجا ہونے کا وقت آگیا ہے۔

امریکہ اسرائیل کی زبان بول رہا ہے، پوری امت مسلمہ پر امریکہ کی جانب سے حملہ کیا گیا ہے۔ قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ اقوام متحدہ امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ کے اس فیصلے کا فوری نوٹس لے، اسلامی ممالک فوری طور پر عالمی کانفرنس طلب کریںتاکہ آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے۔