وزیراعظم پاکستان کے بجلی لوڈشیڈنگ ختم کرنے کے اعلان کا آزادکشمیر میں کوئی اثر نہیں پڑا ،ْ شیخ عقیل الرحمن

مظفرآباد میں بالخصوص سابقہ معمول کے مطابق لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے،یوں محسوس ہوتا ہے پاکستان کی اسٹیبلشمنٹ نے آزادکشمیر کے عوام کو دونمبر شہری سمجھ رکھا ہے ،ْ بیان

جمعرات 7 دسمبر 2017 15:52

مظفر آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 دسمبر2017ء) جماعت اسلامی آزادکشمیر کے نائب امیر شیخ عقیل الرحمن نے کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان کے بجلی لوڈشیڈنگ ختم کرنے کے اعلان کا آزادکشمیر میں کوئی اثر نہیں پڑا۔مظفرآباد میں بالخصوص سابقہ معمول کے مطابق لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔ہرگھنٹے کے بعد ایک گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کے عذاب میں عوام کو مبتلا کیا جاتا ہے ۔

یوں محسوس ہوتا ہے کہ پاکستان کی اسٹیبلشمنٹ نے آزادکشمیر کے عوام کو دونمبر شہری سمجھ رکھا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے ایک بیان میں کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جو علاقہ ہزاروں میگاواٹ بجلی پیدا کررہا ہے وہاں بدترین لوڈشیڈنگ کس جواز اور قانون کے تحت کی جارہی ہے جبکہ پاکستان سے لوڈشیڈنگ کے خاتمے کا اعلان کردیا ہے ۔آزادکشمیر کی ساری سیاسی قیادت عوامی مسائل حل کرنے کو تیار نہیں ہے ۔

انہیں اپنی مراعات سے غرض ہے جس میں 300گنا اضافہ کردیا گیا ہے جو کہ عوام کا منہ چڑا رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ موجودہ قیادت سے یہ توقعات وابستہ کرنا کہ وہ عوامی مسائل حل کروائے گی اور لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کرے گی اور عوام کو علاج معالجے اور صاف پانی کی سہولیات مہیا کرے گی ،عبس ہے۔آزادخطہ میں مخلص قیادت کی ضرورت ہے۔