محکمہ صحت حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، حافظ حفیظ الرحمن

جمعرات 7 دسمبر 2017 15:40

محکمہ صحت حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، حافظ حفیظ الرحمن
گلگت۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 دسمبر2017ء) وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے خطے کی پہلی ڈرگ، فوڈ اور پانی کے ٹیسٹنگ لیبارٹری کے افتتاح کے موقع پرمنعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام کمپنیوں کو صوبے میں ادویات اور اشیاء خوردنوش کو فروخت کرنے سے قبل میں قائم کی جانے والی ڈرگ، فوڈ اور پانی کی لیبارٹری سے معیار کی تصدیق کرانا لازمی قرار دیا جائے گا جس کیلئے ضروری قانون سازی بھی کی جائے گی۔

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہاکہ ادارے کی اہمیت نظرانداز کرتے ہوئے سابقہ حکومتوں نے ادارے کی فعالیت پر توجہ نہیں دی، موجودہ حکومت نے ادارے کی افادیت کے مدنظر ڈرگ، فوڈ اور پانی کی ٹیسٹنگ لیبارٹری کی نئی بلڈنگ کی تعمیر اور جدید مشینری کی خریداری کو یقینی بنایا، ادارے کا مقصد عوام کو صاف پانی، اشیاء خوردنوش اورادویات کی فراہمی یقینی بنانا ہے، ادارے کے قیام سے غیر معیاری اشیاء خوردنوش، ادویات اور پانی کی فروخت کے روک تھام کو یقینی بنایا جاسکے گا۔

(جاری ہے)

صوبے میں پہلی ڈرگ، فوڈ اور پانی کی ٹیسٹنگ لیبارٹری کے قیام سے قیمتی انسانی جانوں کے ساتھ کھیلنے والوں کو قانون کے مطابق سزا دلائی جاسکے گی۔ ادارے کومزید فعال کرنے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کئے جارہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہاکہ محکمہ صحت حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، حکومت نے محکمہ صحت میں نئے اصلاحات متعارف کرائے جس کے ثمرات مرتب ہورہے ہیں۔

جن چیزوں کی سماج کو ضرورت ہے ان پر توجہ دے رہے ہیں۔ حکومت کی کارکردگی اور اقدامات عوام کونظر آرہے ہیں لیکن چند لوگ جنہوں نے ہر مثبت اقدام کی نفی کرنی ہوتی ہے اور اپنی سیاست کرنی ہوتی ہے ان کو حکومت کے مثبت اقدامات نظر نہیں آرہے ہیں۔ آئندہ دو سال میں عوام کے معیار زندگی بہتر بنانے کیلئے جو اقدامات کئے گئے ہیں ان کے ثمرات عوام کے سامنے آئیں گے۔ ڈرگ انسپکٹرز کی سب ڈویژن سطح پر موجودگی کویقینی بنانے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔