چوہدری غلام عباس 1942؁ء میں مسلم کانفرنس کا دوبارہ احیاء نہ کرواتے تو آج یہ خطہ بھی آزاد نہ ہوتا‘محترمہ مہرالنساء

جمعرات 7 دسمبر 2017 14:55

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 دسمبر2017ء)مسلم کانفرنس کی سیکرٹری جنرل وسابق ڈپٹی سپیکر محترمہ مہرالنساء نے رئیس الاحرار چوہدری غلام عباس کی پچاسویں برسی کو شایان شان انداز سے منانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر چوہدری غلام عباس 1942؁ء میں مسلم کانفرنس کا دوبارہ احیاء نہ کرواتے تو آج یہ خطہ بھی آزاد نہ ہوتا۔

(جاری ہے)

محترمہ مہرالنساء نے کہا ہے کہ 18دسمبر کو ریاست بھر میں اور پاکستان میں مقیم کشمیری عوام اور مسلم کانفرنسی کارکنان چوہدری غلام عباس کی قومی آزادی اور کشمیری عوام کی شناخت،وحدت کی بحالی اور تشخص و آزادی کیلئے دی جانے والی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرینگے۔اس حوالہ سے مرکزی تقریب راولپنڈی میں رئیس الاحرار کے مزار پر ہو گی۔انہوں نے کہا کہ مسلم کانفرنس ایک نظریے اور عقیدے کا نام ہے اور ہم نے ریاست کے تشخص اور حق خودارادیت کے حصول گزشتہ ستر سالوں سے نامساعد حالات کے باوجود جدوجہد جاری رکھی ہوئی ہے انہوں نے تمام کارکنوں،جماعتی عہدیداران سے اپیل کی ہے کہ وہ برسی کی تقریبات میں اپنی شرکت یقینی بنائیں۔