ورچوئل کرنسی بٹ کوائن کی قیمت پہلی مرتبہ 14 ہزار 450 ڈالرز کی ریکارڈ سطح تک پہنچ گئی ..
تازہ ترین : 1
ورچوئل کرنسی بٹ کوائن کی قیمت پہلی مرتبہ 14 ہزار 450 ڈالرز کی ریکارڈ سطح ..

ورچوئل کرنسی بٹ کوائن کی قیمت پہلی مرتبہ 14 ہزار 450 ڈالرز کی ریکارڈ سطح تک پہنچ گئی

بٹ کوائن کے ایک سکے کی قیمت پہلے مرتبہ اس سطح پر پہنچی،2018ء کے آخر تک بٹ کوائن کی قیمت 40 ہزار ڈالر تک پہنچنے کا قوی امکان

امریکہ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 07 دسمبر 2017ء): ورچوئل کرنسی بٹ کوائن نے پہلی مرتبہ 14 ہزار 450 ڈالرز کی حد کو عبور کرلیا ہے جس کے بعد اس کے ایک سکے کی قیمت ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی ۔اس وقت دنیائے انٹرنیٹ کی اس کرنسی کے ایک یونٹ یا یوں کہہ لیں کہ ایک سکے کی قیمت 14 ہزار 450 ڈالرز( 15 لاکھ 26 ہزار281 روپے ) پر پہنچ چکی ہے۔یعنی ایک بٹ کوائن سے 30 تولے سے زائد سونا خریدا جاسکتا ہے۔

اس سے قبل گذشتہ ماہ بٹ کوائن کی قیمت 9 ہزار 656 ڈالر بھی تھی ۔ کرنسی میں یہ نمایاں اضافہ اس وقت سامنے آیا ہے جب گذشتہ سال اسے دو حصوں میں تقسیم کردیا گیا تھا اور دوسری کرنسی کو بٹ کوائن کیش کا نام دیا گیا۔ خیال رہے کہ حال ہی میں ہیج فنڈ کے لیجنڈ مائیک نووگراٹز کا کہنا ہے کہ 2018ء کے آخر تک ورچوئل کرنسی بٹ کوائن کی قیمت 40 ہزار ڈالر تک پہنچ جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ بٹ کوائن کی قیمت آئندہ 13 ماہ میں قریباً چار مرتبہ سے زائد ضرب ہو سکتی ہے۔دلچسپ بات یہ ہے کہ بٹ کوائن کی قیمت گذشتہ سال مئی میں صرف 443 ڈالرز تھی اور ایک سال میں اتنا اضافہ حیران کن ہے۔یہ بٹ کوائن کے لیے ایک سنگ میل ہے کیونکہ اسے ڈیجیٹل گولڈ بھی قرار دیا جاتا ہے۔کسی حقیقی کرنسی کے مقابلے میں بٹ کوائنز ہر طرح کے ضابطوں یا حکومتی کنٹرول سے آزاد ہے اور اس کا استعمال بہت آسان ہے۔

اس وقت اسے متعدد ممالک جیسے کینیڈا، چین اور امریکا وغیرہ میں استعمال کیا جارہا ہے تاہم دنیا میں انٹرنیٹ تک رسائی رکھنے والا ہر شخص اس کرنسی کو خرید سکتا ہے۔اس کرنسی کی لین دین کے لیے صارف کا لازمی طور پر بٹ کوائن والٹ اکاؤنٹ ہونا چاہئیے جسے بٹ کوائن والٹ اپلیکشن ڈاؤن لوڈ کرکے بنایا جاسکتا ہے۔ والٹ اکاؤنٹس کو پے پال، کریڈٹ کارڈز یا بینک اکانٹس وغیرہ کے ذریعے بٹ کوائنز خریدنے کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔

مائیکروسافٹ سمیت انٹرنیٹ پر کام کرنے والی سینکڑوں کمپنیاں بٹ کوائنز کو قبول کرتی ہیں، جن میں سوشل گیمنگ سائٹس جیسے زینگا، بلاگ ہوسٹنگ ویب سائٹس جیسے ورڈ پریس اور آن لائن اسٹورز جیسے ریڈیٹ اور اوور اسٹاک ڈاٹ کام وغیرہ قابل ذکر ہیں۔اس وقت دنیا بھر میں لاکھوں بٹ کوائن گردش کررہے ہیں۔

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

وقت اشاعت : 07/12/2017 - 14:17:38

متعلقہ عنوان :

اپنی رائے کا اظہار کریں