دسمبر جنوری میں صنعتوں کیلئے سوئی گیس بندش انڈسٹری کو بحران میں مبتلا کردے گی‘ خلدون جاوید ملک

صنعتوں کیلئے گیس کی بندش صنعتی ترقی کی راہ میں رکاوٹ ہے ‘چیئرمین لاہور ٹائون شپ انڈسٹریز ایسوسی ایشن

جمعرات 7 دسمبر 2017 14:16

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 دسمبر2017ء) چیئرمین لاہور ٹائون شپ انڈسٹریز ایسوسی ایشن خلدون جاویدملک نے کہا ہے کہ سوئی نادرن گیس حکام کے جانب سے موسم سرما کیلئے نئے شیڈول کے مطابق دسمبر جنوری میں صنعتوں کیلئے سوئی گیس بندش انڈسٹری کو بحران میں مبتلا کردے گی ، انڈسٹریز کیلئے گیس کی بندش صنعتی ترقی کی راہ میں رکاوٹ ہے مسلسل کئی ماہ انڈسٹری بند رہنے سے بے روزگاری میں اضافہ ہوگا اور انڈسٹری کی پیداوار بند ہونے سے صنعتکارمشکلات کا شکار ہوجائیں گے اور طے شدہ معاہدوں کی تکمیل نہ ہونے سے انہیں مالی نقصانات کا سامنا کرنا پڑے گا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے سینئر وائس چیئرمین ڈاکٹر شفیق اے نقی وائس چیئرمین میاں شہریار علیکے ساتھ ٹائون شپ انڈسٹریز کے صنعتکاروں کے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

خلدون جاوید ملک نے کہا کہ تاپی گیس معاہدہ کی جلد از جلد تکمیل کو یقینی بنایا جائے اور ملک بھر میں پائپ لائن بچھانے کا کام مکمل کیا جائے تاکہ صنعتوں کو ان کی ضروریات کے مطابق گیس مسلسل فراہم کی جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ا س پروگرام پر نظر ثانی کرے اور انڈسٹریز کوضرورت کے مطابق گیس مسلسل فراہم کی جائے تاکہ صنعتی ترقی کیلئے حکومت کا ویژن مکمل ہوسکے ۔ انہوںنے کہا کہ اگر انڈسٹریز بند ہوئی تو اس کا اثر یقینا حکومت کے ریونیو پر پڑے گا کیونکہ انڈسٹریزملکی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہیں اس لیے حکومت ملکی ترقی کیلئے صنعتوں کو ضرورت کے مطابق گیس فراہم کرے ، صنعتی ترقی ملک کو خوشحالی کی راہوں پر گامزن کردے گی اور ملک میں روزگارکے نئے مواقع بھی پیدا ہونگے ۔صنعتی شعبہ کو گیس کی فراہمی کیلئے ایل این جی کو استعمال میں لایا جائے۔

متعلقہ عنوان :