بھارت کشمیر کی تحریک اور سی پیک کی وجہ سے شدید بوکھلاہٹ کا شکار ہے‘سردار عتیق احمد خان

بھارت آزاد کشمیر میں عملی اور نظریاتی لقب لگانے کی کوشش کر رہا ہے‘اس کا مقابلہ کرنے کے لیے نوجوانوں کو منظم کرنا ہو گا

جمعرات 7 دسمبر 2017 13:38

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 دسمبر2017ء) آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کے صدر اور سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان نے کہا ہے کہ بھارت کشمیر کی تحریک اور سی پیک کی وجہ سے شدید بوکھلاہٹ کا شکار ہے اور اسی لیے پاکستان میں تخریبی سرگرمیوں کی سرپرستی کی جا رہی ہے مگر بھارت کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہو گی۔وہ گزشتہ روز یہاں مختلف عوامی وفود کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ نہتے کشمیری عوام نے بھارت کی طاقت کا غرور خاک میں ملا دیا ہے اور ایک چھوٹی سی آبادی اور علاقے پر ساڑے سات لاکھ فوج کا تسلط اسی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام تحریک آزادی کشمیر کے معاون ہی نہیں حصہ بھی ہیں۔

(جاری ہے)

آزاد علاقے میں نظریاتی ہم آہنگی اور اتحاد ویکجہتی کو برقرار رکھنا ضروری ہے۔بھارت آزاد کشمیر میں عملی اور نظریاتی لقب لگانے کی کوشش کر رہا ہے۔اس کا مقابلہ کرنے کے لیے نوجوانوں کو منظم کرنا ہو گا۔مسلم کانفرنس نوجوانوں کی فکری اور عملی تربیت کے مشن سے کسی طور پر غافل نہیں رہ سکتی۔

انہوں نے کہا کہ نہ صرف سی پیک کامیابی سے ہمکنار ہو گا بلکہ تحریک آزادی کشمیر بھی اپنے منطقی انجام سے دوچار ہو گی۔آزادی کی نظریاتی تحریکوں کو طاقت اور جبر سے دبانا اب ممکن نہیں رہا۔انہوں نے بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کے لیے امریکی فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے اسے غیر منصفانہ اور عالمی امن کے لیے تباہ کن قرار دیا گیا کہ یہ دنیا کو انتہاء پسندی کی نذر کرنے کی دانستہ کوشش ہے۔

اس کے اثرات پوری دنیا پر مرتب ہوں گے۔اس موقع پر سابق وزیر حکومت پیر سید غلام مرتضی گیلانی،دیوان علی خان چغتائی،راجہ ثاقب مجید،مفتی منصور الرحمان،خواجہ محمد شفیق،سجاد انور عباسی، میر رضوان الرحمان، ہارون آزاد، راجہ طفیل، عبدالمجید مغل، خواجہ شہریار شفیق، شیخ خورشید انور، راجہ احسان حیدر ودیگر بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔اس موقع پر مسلم کانفرنسی کارکنوں نے سردار عتیق احمد خان کو برطانیہ کا کامیاب دورہ کرنے پر مبارکباد دی۔

اس سے قبل صدر مسلم کانفرنس کوہالہ پہنچے تو مسلم کانفرنسی کارکنوں نے ان کا شاندار استقبال کیااور پھولوں کی پتیاں نچھاور کی اور انہیں ایک قافلے کی صورت میں دارالحکومت لایا گیا۔دارالحکومت پہنچنے پر صدر مسلم کانفرنس جاوید عباسی رہنماء مسلم کانفرنس برطانیہ کے گھر جا کر ان کے سسر کے انتقال پر ان سے تعزیت کی اور فاتحہ خوانی کی۔

متعلقہ عنوان :