گیس کا بحران کے حوالے سے تحریک التوائے کار پنجاب اسمبلی میں جمع

جمعرات 7 دسمبر 2017 13:38

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 دسمبر2017ء) پاکستان تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی سعدیہ سہیل رانا نے ایک تحریک التوائے کار پنجاب اسمبلی میں جمع کروا دی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ نجی اخبار کی خبر کے مطابق سردی بڑھتے ہی گیس کا بحران بھی سنگین ہونے لگا، چولہے ٹھنڈے پڑ گئے اور گھروں میں کھانا پکانا بھی مشکل ہو گیا، مختلف شہروں میں صارفین نے احتجاجی مظاہرے اور حکومت کیخلاف شدید نعرے بازی کی۔

اطلاعات کے مطابق سردی میں اضافہ ہوتے ہی گیس کی فراہمی میں کمی ہونے لگی مختلف علاقوں میں غیر علانیہ بندش کی جا رہی ہے جبکہ بیشتر جگہ سے کم پریشر کی شکایات کا سلسلہ جاری ہے، چنانچہ خواتین کے لئے گھروں میں کھانا بنانا بھی دشور ترین ہو گی جبکہ زیادہ تر لوگ گیس سلنڈر پر گزارا کرنے پر مجبور ہو گئے پریشان کن صورت حال کے خلاف شہریوں نے صدائے احتجاج بلند کی صوبائی دارالحکومت لاہور کے وحید پارک، قینچی، چونگی امر سدھو اور دیگر علاقوں میں صارفین نے مظاہرے کئے جن میں برتن اٹھائے خواتین نے بھی شرکت کی مظاہرین کا کہنا تھا کہ مسئلہ حل نہ ہو ا تو سڑکیں بلاک کرنے پر مجبور ہوں گے۔

(جاری ہے)

ادھر دائود خیل میں ہونیوالے احتجاجی مظاہرے میں بلدیاتی نمائندوں نے بھی شرکت کی اور 10 روز کے اندر گیس پریشر بحال نہ ہونے پر احتجاج کا دائرہ وسیع اور میانوالی، بنوں روڈ بلاک کرنے کا عندیہ دیا۔