یاسر شاہ تیز ترین 200 ٹیسٹ وکٹیں لینے کیلئے پر عزم

جمعرات 7 دسمبر 2017 13:03

یاسر شاہ تیز ترین 200 ٹیسٹ وکٹیں لینے کیلئے پر عزم
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔6دسمبر2017ء)قومی ٹیم کے لیگ سپنر یاسر شاہ نے اپنی نظریں ٹیسٹ کرکٹ میں تیز ترین 200 وکٹیں حاصل کرنے پر مرکوز کر لی ہیں۔31سالہ یاسر شاہ اب تک ٹیسٹ کرکٹ میں تیز ترین 100 اور 150 وکٹیں حاصل کرنے والے ملکی باﺅ لر ہیں، انہوں نے اپنی ٹیسٹ وکٹوں کی سنچری 17 میچز جب کہ 150 وکٹوں کا سنگ میل صرف 27 ٹیسٹ میچز میں عبور کیا تھااور اب تک 28ٹیسٹ میچز میں 29.44کی اوسط سے 165شکار کرچکے ہیں ۔

(جاری ہے)

یاسر شاہ کو تیز ترین 200 ٹیسٹ وکٹیں مکمل کرنے کےلئے مزید 35 بار کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھانی ہے اور ان کے پاس آسٹریلیا کے کلیری گریمٹ کا 80 سال پرانا ریکارڈ توڑنے کےلئے 7 ٹیسٹ میچز ہیں۔ایک انٹر ویو میں یاسر شاہ کا کہنا تھا کہ وہ کبھی بھی ذاتی ریکارڈ کے پیچھے نہیں بھاگتے اور پاکستان کو جتوانا ان کی اولین ترجیح ہوتی ہے تاہم لیکن اگر یہ ریکارڈ میرے نام کےساتھ جڑتا ہے تو بہت خوشی ہو گی۔یاسر شاہ کا کہنا تھا کہ وہ بھارتی کپتان ویرات کوہلی کیخلاف کھیلنے کے خواہاں ہیں، چاہے کہیں بھی اور کسی بھی فارمیٹ میں کھیل رہے ہوں،ان کا مقصد صرف پرفارم کرنا ہوتا ہے ۔