کاشتکاروں کو مونگ و ماش کی بھرپور کاشت کی ہدایت

جمعرات 7 دسمبر 2017 13:26

فیصل آباد۔7 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 دسمبر2017ء)مونگ و ماش کے پودوں کی جڑوں میں موجودنائٹروجن فکسنگ بیکٹیریا زمین کی ذرخیزی بڑھانے میں اہم کردار ادا کرتاہے لہٰذا کاشتکار مونگ وماش کی زیادہ سے زیادہ کاشت یقینی بنائیں تاکہ نہ صرف دالوں کی ضروریات کو پورا کیاجاسکے بلکہ زمین کی ذرخیزی میں اضافہ کے ساتھ ساتھ اضافی پیداوار برآمد کرکے زرمبادلہ کاحصول بھی ممکن بنایاجاسکے۔

ایک ملاقات کے دورا ن ماہرین زراعت نے بتایاکہ حکومت نے دالوں کے نئے پیداواری منصوبہ کی بھی منظوری دے دی ہے جس کے تحت پنجاب حکومت دالوں کی پیداوار میں خودکفالت اور اضافہ کیلئے نیا منصوبہ شروع کر رہی ہے تاکہ دالوں کی پیداوار میں اتار چڑھائو کا خاتمہ کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے دالوں کی اہمیت بارے بتایا کہ ان میں تقریباً 20سے 24 فیصد پروٹین ہوتا ہے جو کہ انسانی غذا کا اہم جزو ہے۔

انہوںنے دالوں کی پیداوار میں اضافہ کیلئے کاشتکاروں کی تربیتی مہم شروع کرنے کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ زرعی سائنسدان دالوں کی ایسی اقسام وضع کرنے پر توجہ دیں جو فی ایکڑ زیادہ پیداواری صلاحیت کے ساتھ خشک سالی کا بہتر مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہوں۔انہوںنے کہاکہ کاشتکاروں کو دالوں کی کاشت کی طرف راغب کرنے کیلئے معیاری بیج کی فراہمی کے ساتھ مارکیٹنگ کے مسائل کو حل کرنا بھی انتہائی ضروری ہے ۔