Live Updates

باقر نجفی رپورٹ میں شہباز شریف کا جھوٹ سامنے آگیا ہے، طاہرالقادری احتجاج کے لیے سڑکوں پر نکلے تو ان کا ساتھ دیں گے۔عمران خان

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 7 دسمبر 2017 12:03

باقر نجفی رپورٹ میں شہباز شریف کا جھوٹ سامنے آگیا ہے، طاہرالقادری احتجاج ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔07 دسمبر۔2017ء) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ باقر نجفی رپورٹ میں سانحہ ماڈل ٹاﺅن سے متعلق شہباز شریف کا جھوٹ سامنے آگیا، طاہرالقادری احتجاج کے لیے سڑکوں پر نکلے تو ان کا ساتھ دیں گے۔اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت میں پیشی کی بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاﺅن میں نہتے لوگوں کو گولیاں ماری گئیں اور جاں بحق ہونے والوں میں دو خواتین بھی تھیں، شہباز شریف اور رانا ثنااللہ کو دہشت گردی کے کیس میں اندر جانا چاہیے۔

چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ ہم نے صاف اور شفاف الیکشن کے لئے پرامن سیاسی احتجاج کیا تو مجھ پر دہشت گردی کا مقدمہ بنادیا گیا،انہوں نے کہا کہ آمر کی گود میں پلنے والے ہی کسی پر اس طرح کی دہشت گردی کا کیس کر سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

اسلام آباد جلسے کے دوران سابق صدر آصف زرداری کے رقص سے متعلق سوال پر عمران خان نے کہا کہ انہیں ایسی اور پرفارمنس دینی چاہئیں۔

عمران خان نے کہا کہ سب کو ماڈل ٹاﺅن رپورٹ دیکھنی چاہیے، شہباز شریف اور رانا ثنائ اللہ فوری استعفے دیں، شہباز شریف کا جھو ٹ پکڑا گیا اوررانا ثناءاللہ نے گولیاں چلانے کا حکم جاری کروایا، مقدمہ شہباز شریف اورعابد شیر علی پر چلنا چاہیے، طاہر القادری کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتا ہوں، طاہر القادری اگر سانحہ ماڈل ٹاﺅن پر انصاف کیلئے سڑکوں پر نکلے توساتھ دیں گے۔

عمران خان نے کہا کہ ہم نے صاف اور شفاف الیکشن کیلئے پرامن احتجاج کیا پھربھی ہم پہ الزامات لگائے گئے، ملٹری ڈکٹیٹرکی گود میں پلنے والے میرے خلاف مقدمات درج کررہے ہیں، عمران خان نے نوازشریف سے ہاتھ ملانے کے سوال پرجواب دیا کہ میں مجرموں اور قوم کے دشمنوں سے ہاتھ نہیں ملاتا۔ عمران خان نے ٹرمپ کے بیت المقدس کے حوالے سے اقدام کی شدید مذمت کی اور کہا کہ فلسطینی مسلمانوں پر ظلم کی انتہا کردی گئی ہے، ٹرمپ جیسے لوگ مسلمانوں کو انسان ہی نہیں سمجھتے ہیں اور اس متعلق ہمارے کٹھ پتلی وزیراعظم کو طیب اردگان جیسا موقف اختیار کرنا چاہیے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات