ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی پندرھویں سالگرہ کی مناسبت سے یونیورسٹی آف ہری پور میں تین روزہ تقریبات کا آغاز،

پہلے روز سیمینار اور نمائش، دوسرے روز تقریری مقابلہ اور تیسرے روز شرکاء کے درمیان ڈسکشن ہوگی

جمعرات 7 دسمبر 2017 11:14

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 دسمبر2017ء) ہائیر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کی پندرھویں سالگرہ کی مناسبت سے جامعہ ہری پور کے مختلف شعبہ جات کے زیراہتمام یونیورسٹی آف ہری پور میں تین روزہ تقریبات کا آغازکردیا گیا ہے۔ گذشتہ روز پہلے دن ایک روزہ سیمینار اور نمائش کا اہتمام کیا گیا، دوسرے روز تقریری مقابلہ جبکہ کل شرکاء کے درمیان ڈسکشن ہو گی۔

جاری تقریبات کے پہلے دن جامعہ صوابی کے وائس چانسلر ڈاکٹر پروفیسر امتیاز علی خان مہمان خصوصی تھے، ہائیر ایجوکیشن خیبر پختونخوا کے ریجنل ڈائریکٹر جنرل ارشد کامران نے خصوصی طور پر تقریب میں شرکت کی۔ تلاوت کلام پاک، نعت رسول مقبول اور قومی ترانہ سے تقریب کا باقاعدہ آغاز کیا گیا۔ اس موقع پر مہمان خصوصی امتیاز علی خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہمیں فخر ہے ہم دنیا کے سب سے بڑے معلم نبی کریم ﷺاور سب سے بڑی کتاب قرآن پاک کے ماننے والے ہیں، قرآن ہمیں دنیا کی ہر چیز میں غور و فکر اور ریسرچ کی دعوت دیتاہے لیکن افسوس کے آج اس کے نہ ماننے والے اس پر عمل کر کے سائنس و ٹیکنالوجی پر چھا گئے ہیں مگر اسلامی ممالک اس میدان میں پیچھے رہ گئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دنیا کی کوئی اسلامی یونیورسٹی ٹاپ رینکنگ میں شامل نہیں اور نہ ہی ہم ریسرچ پر پیسہ خرچ کر رہے ہیں، ہم شکریہ ادا کرتے ہیں کہ ایچ ای سی کے قیام کے بعد ملک میں معیاری تعلیم کے فروغ کی جانب توجہ دی گئی اور اس کیلئے تعلیمی بجٹ میں بھی اضافہ ہوا ہے جس کے بعد ہماری جامعات کسی حد تک عصر عاضر کے تقاضوں پر پورا اترنے کے قابل ہو سکی ہیں لیکن ابھی بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے، تعلیمی معیار بلند کر کے جامعہ کی رینکنگ بڑھانے میں وی سی اور اساتذہ کے ساتھ ساتھ طلباء کا بھی اتنا ہی کردار ہوتاہے لہذا طلباء کو چاہئے کہ وہ بلاضرورت اپنا وقت موبائل اور دیگر سرگرمیوں میں صرف کرنے کی بجائے تعلیم پر توجہ دیں اور یونیورسٹی کی سطح پر کمیونٹی کو درپیش مسائل حل کرنے کیلئے تحقیقات پر توجہ دی جانی چاہئے، اس سے جہاں ہمارے مسائل و مشکلات حل ہو سکیں گے وہاں دنیا میں ہمارا تشخص اور شناخت بھی قائم ہو گی، اگر آبادی یعنی کم دماغ رکھنے والے لوگ اپنے مسائل خود حل کر سکتے ہیں تو ہم زیادہ ہونے کے باوجود اپنے مسائل خود حل کیوں نہیں کر سکتے۔

اس موقع پر ریجنل ڈائریکٹر جنرل ایچ ای سی خیبر پختونخوا ارشد کامران، وی سی جامعہ ہری پور پروفیسر ڈاکٹر عابد فرید، رجسٹرار جامعہ ہری پور چیئرمین اورک ڈاکٹر ظہور احمد، شعبہ زراعت کے سربراہ ڈاکٹر ایوب اور گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج ہر ی پور کے پرنسپل پروفیسر عبدالوہاب خان نے جامعات اور کالجز کے معیاری تعلیم کے فروغ میں کردار پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ سیمینار کے بعد انڈسٹریز اینڈ اکیڈیما لنکج کے حوالہ سے نمائش کا اہتمام کیا گیا، تمام مہمانوں نے نمائش کے سٹالز کا وزٹ کیا جہاں پر انہیں سٹالز کے متعلق بریفنگ دی گئی۔ مہمانوں میں شیلڈز بھی تقسیم کی گئیں۔ اس موقع پر تقریبات کے فوکل پرسن ڈائریکٹر کیو ای سی ڈاکٹر طلعت محمود نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔