بیت المقدس کو اسرائیلی دارلحکومت تسلیم کرنے کا امریکی اعلان ،ترکی نے 13دسمبر کو او آئی سی کا اجلاس طلب کر لیا

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس جمعرات 7 دسمبر 2017 00:08

بیت المقدس کو اسرائیلی دارلحکومت تسلیم کرنے کا امریکی اعلان ،ترکی ..
انقرہ(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار- 06دسمبر 2017ء ):بیت المقدس کو اسرائیلی دارلحکومت تسلیم کرنے کے امریکی اعلان پرترکی نے 13دسمبر کو او آئی سی کا اجلاس طلب کر لیا ۔تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عالمی دباؤ مسترد کرتے ہوئے مقبوضہ بیت المقدس (یروشلم) کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرنے کا باضابطہ اعلان کردیا۔ وائٹ ہاؤس میں خطاب کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرنے سے متعلق فیصلے کو کافی مخالفت کا سامنا رہا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ امریکا نے دو دہائیوں تک اس اقدام سے گریز کیا لیکن اسرائیل اور فلسطین کے درمیان پائیدار امن کے کوئی آثار نظر نہیں آئے لہٰذا اب میں اس نتیجے پر پہنچا ہوں کہ مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کا وقت آگیا ہے۔ اس اعلان کے بعد مسلم دنیا میں تشویش کی لہر پائی جاتی ہے۔ترکی نے امریکی صدر کے بیان کو غیر ذمہ دارانہ قرار دے دیا ہے ۔ترکی نے اس معاملے پر غور و فکر کرنے کے لیے 13دسمبر کو او آئی سی کا اجلاس طلب کر لیا ہے ۔اجلاس میں امریکہ کی جانب سے بیت المقدس کو اسرائیلی دارلحکومت بنائے جانے کے اعلان پر غور کیا جائے گا اور مسلم امہ کا مشترکہ لائحہ عمل سامنے لایا جائے گا۔