بلاول بھٹو زرداری نے پالیسی گائیڈ لائن دی ہے ،

2018ء کے انتخابات میں مکمل کامیابی حاصل کریں گے، وزیراعلیٰ سندھ سال 2018 کے عام انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی بھرپور کامیابی حاصل کریگی اور تھر پارکر سے تمام نشستیں بھی ہم جیتیں گے، میڈیا سے غیر رسمی گفتگو

بدھ 6 دسمبر 2017 21:39

بلاول بھٹو زرداری نے پالیسی گائیڈ لائن دی ہے ،
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 دسمبر2017ء) وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پالیسی گائیڈ لائن دی ہے اور ہم 2018 کے انتخابات میں مکمل کامیابی حاصل کریں گے۔ انہوں نے یہ بات شہر کراچی میں واقع صدر کے علاقے میں دوبارہ تعمیر کردہ جہانگیر پارک کے دورہ کے دوران میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پالیسی گائیڈ لائن دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی پچاس سالہ یوم تاسیس پر ہم نے رینٹ اے پبلک جمع نہیں کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ سال 2018 کے عام انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی بھرپور کامیابی حاصل کریگی اور تھر پارکر سے تمام نشستیں بھی ہم جیتیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کے فور 25بلین روپے کا منصوبہ ہے، جس کے لئے وفاقی حکومت نے ابھی تک 3بلین روپے دیئے ہیں اور وفاق نے ساڑھے نو ارب روپے نہیں دیے۔ وزیراعلی سندھ نے کہا کہ کے فور پروجیکٹ پر ایف ڈبلیو او ادارہ کام کررہا ہے ، اب یہ پروجیکٹ 33 ارب روپے کا ہوگیا ہیاس پر اضافی 5 ارب روپے کی لاگت اراضی کے حصول کے لیے کی گئی ہے اور ہم نے کے فور پروجیکٹ کے لیے مختص تمام فنڈز جاری کردیے۔

انہوں نے کہا کہ کے فور ون اینڈ ٹو کنسیوڈ پروجیکٹ تھا ، اس کی صحیح طریقے سے پلاننگ نہیں ہوئی اس لیے آج یہ پروجیکٹ 33بلین روپیکا ہوگیا ہے۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ میں نے سپریم کورٹ کو بتایا کہ مجھے جب آج عدالت نے طلب کیا تو میں نے پہلے سوچا کہ استثنی کے تحت نہ جائو ں، پھر میں نے سوچا جب عدالت میرے عوام کے مسائل کے حل کے لیے کام کررہے ہے تو میں ضرور جائوں گا۔

وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ آج سپریم کورٹ میں دوران سماعت جج صاحبان کی جانب سے شہید ذوالفقار علی بھٹو کی 1973 کے آئین کے حوالے سے خدمات کو سراہے جانے پر انہیں بہت خوشی ہوئی ہے کیونکہ یہ وہی عدالت ہے جس نے 1973 کے آئین کے خالق شہید ذوالفقار علی بھٹوکو پھانسی دی تھی مگر آج ان کی خدمات کو سراہا گیا۔

وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ لاہور کے پانی میں 100فیصد ارکینک ہے اور آج سپریم کورٹ کے جج نے بھی کہا کہ ہم نیسندھ میں پہلے پانی کے مسئلے کو اٹھا کر دوسرے صوبوں کے لوگوں سیزیادتی کی۔ انہوں نے کہا کہ عدالت نے واٹرکمیشن پر ٹاسک فورس بنائی ، ٹاسک فورس کے 20 اجلاس ہوچکے ہیں، یہ ٹاسک فورس 7 سمریز مجھے بھیج چکی ہے،جو میں نے منظور کردی ہیں، ٹاسک فورس میں جو سرکاری افسران ہیں،جو مجھے رپورٹ نہیں کرتے ، میں ان میں سے کسی افسر کا تبادلہ نہیں کرسکتا، یہ وہ افسران ہیں جو پہلے کام نہیں کررہے تھے اب کیا کریں گی ۔

میں نے یہ بات سپریم کورٹ کو بتائی ، عدالت نے اس معاملے کو کنسیڈر کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ عدالت نے مجھے پوری طرح سنا اور مجھے موقف بیان کرنے کا موقع دیا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں ساڑھے چھ سو ملین گیلن روزانہ پانی مہیا کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عدالت میں جو ڈاکومینٹری پٹیشنر کی دکھائی گئی، اس ڈاکومینٹری میں حقائق نہیں دکھائے گئے۔

انہوں نے کہا کہ 726 اہم مقامات کی نشاندہی کی گئی ہیجہاں سے گندا پانی نہروں میں جارہاہے، ہم ان جگہوں سے گندا پانی ٹریٹ کرکے نہروں میں ڈالیں گے۔ وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ انہوں نے عدالت کو بتایا کہ دریائے سندھ سے سمندر میں بہت کم پانی چھوڑنے کے باعث ٹھٹھہ اور بدین کی زمین سمندر برد ہورہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سمندر میں میٹھا پانی چھوڑنا اشد ضروری ہے نہیں تو ٹھٹھہ اور بدین کا ایک وسیع رقبہ سمندر برد ہو جائیگا۔

وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ 29 جولائی کو حلف لینے سے پہلے کہا تھا کہ تمام مسائل حل نہیں ہو سکیں گے،لیکن جانے سے پہلے ایک لائن ضرور دے جائوں گا اور اس سے کوئی پیچھے نہیں ہٹ سکے گا۔ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ مصطفی کمال نے اس بات کو عدالت میں مانا کہ ٹریٹمنٹ پلانٹ کی اراضی انہوں نے لوگوں کو الاٹ کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے مجھے حکم دیا ہے کہ زمین کی الاٹمنٹ پر انکوائری کروں اور میں نے آج ہی انکوائری کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں نے وزرا اور سیکریٹریز کو واضح ہدایات دیں ہیں کہ وہ اپنے دفاتر میں عوام سے ملیں۔ وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ شاہراہ فیصل پر مختلف اداروں سے زمین خرید کر اس کی لائن بڑھائیں ہیں۔ وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نیمیڈیا بریفنگ کے بعد مصروف تجارتی مرکز ایمپریس مارکیٹ، بوہری بازار اور دیگر بازاروں کا پیدل دورہ کیا اوردکانداروں سے ملاقات کیں ۔

سید مرادعلی شاہ نے دکان سے بریانی خرید کر کھائی اور ایمپریس مارکیٹ کے اطرااف پشتون دکاندراروں سے ملاقات کی، وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ کو دیکھ کر دکاندار نے خوشگوار حیرت کا اظہار کیا۔ اس دوراں شہریوں نے وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ کے ساتھ سلفیاں بنائیں۔ وزیراعلی سندھ اس موقعہ پر لوگوں میں گھل مل گئے۔ وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ صدر میں گھوم کر مجھے اپنا زمانہ طالبعلمی یاد آگیا ۔