قائد اعظم ٹرافی سپر ایٹ پہلا مرحلہ، یو بی ایل نے سوئی سدرن گیس کارپوریشن کو 149 رنز سے ہرا دیا، ایس این جی پی ایل اور ایچ بی ایل کے درمیان میچ ڈرا، احمد شہزاد نے 148 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر ٹیم کو شکست سے بچایا

بدھ 6 دسمبر 2017 21:06

قائد اعظم ٹرافی سپر ایٹ پہلا مرحلہ، یو بی ایل نے سوئی سدرن گیس کارپوریشن ..
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 دسمبر2017ء) پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام قائد اعظم ٹرافی سپر ایٹ پہلے مرحلے میں یو بی ایل نے سوئی سدرن گیس کارپوریشن کو 149 رنز سے ہرا دیا، ایس این جی پی ایل اور ایچ بی ایل کے درمیان میچ ڈرا ہو گیا، پہلی اننگز میں فالو آن کے بعد احمد شہزاد نے دوسری اننگز میں انتہائی شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا، انہوں نے 148 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر ٹیم کو شکست سے بچایا۔

(جاری ہے)

حیدر آباد میں کھیلے گئے چار روزہ میچ کے آخری روز یو بی ایل نے 328 رنز 8 کھلاڑی آئوٹ پر دوسری اننگز ڈیکلیئر کر کے ایس ایس جی سی کو فتح کیلئے مجموعی طور پر 302 رنز کا ہدف دیا، جواب میں ایس ایس جی سی کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم دوسری اننگز میں 152 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی، ایس ایس جی سی کا کوئی بھی کھلاڑی متاثر کن کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکا، سمیع اسلم اور آصف ذاکر 27، 27 رنز بنا کر نمایاں رہے، پہلی اننگز میں سنچری بنانے والے کپتان فواد عالم دوسری اننگز میں 26 رنز بنا سکے، محمد اصغر نے 4، سہیل خان نے 3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا، کراچی میں ایس این جی پی ایل اور ایچ بی ایل کے درمیان میچ ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہو گیا، آخری روز ایچ بی ایل کی ٹیم نے 67 رنز ایک کھلاڑی آئوٹ پر دوسری اننگز دوبارہ شروع کی تو اسے اننگز کی شکست سے بچنے کیلئے مزید 242 رنز درکار تھے، احمد شہزاد نے ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 148 رنز کی اننگز کھیل کر نہ صرف ٹیم کو اننگز کی شکست سے بچایا بلکہ میچ ڈرا کرنے میں کردار ادا کیا، عمران فرحت 48 رنز بنا کر دوسرے نمایاں بلے باز رہے، آخری روز جب کھیل ختم ہوا تو ایچ ای بی ایل نے دوسری اننگز میں 6 وکٹوں پر 291 رنز بنائے تھے، اسطرح دونوں ٹیموں کے درمیان میچ ڈرا ہو گیا، حسین طلعت نے 3اور اسد علی نے 2 وکٹیں لیں۔