پیپلز پارٹی نے بڑے جلسے کرنے کی دعویدار ایک جماعت کا غرور توڑ دیا ہے،سید خورشید احمد شاہ

یہ بات قابل افسوس ہے کہ ہمارے اداروں نے ہمیں بڑے اور چھوٹے صوبوں میں تقسیم کر دیا ہے ،قائد حز ب اختلاف کی میڈیا سے گفتگو

بدھ 6 دسمبر 2017 20:48

پیپلز پارٹی نے بڑے جلسے کرنے کی دعویدار ایک جماعت کا غرور توڑ دیا ہے،سید ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 دسمبر2017ء) قائد حزب اختلاف قومی اسمبلی سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے بڑے جلسے کرنے کی دعویدار ایک جماعت کا غرور توڑ دیا ہے اورپیپلز پارٹی کے جیالوں کے لئے پریڈ گراونڈ بھی چھوٹا پڑ گیا، پیریڈ گراونڈ کے جلسے میںہمارے آدھے لوگ گراونڈ کے اندر اور آدھے باہر تھے اور سیالکوٹ، جہلم، لالہ موسی، کشمیر اور اٹک کے جلوس ٹریفک جام کی وجہ سے گراونڈ نہیں پہنچ سکے۔

قومی اسمبلی چیمبر میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چالیس سے پچاس ہزار جیالے ابھی نیشنل ہائی وے پر تھے جو جلسہ گاہ نہیں پہنچ سکے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نئے ویژن اور نئی قیادت کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں اورمجھے امید ہے کہ بلاول بھٹو اپنے نانا کی طرح سیاست کریں گے۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یہ بات قابل افسوس ہے کہ سندھ کے لیے عدالتوں اور اداروںکا رویہ اور قانون الگ اور پنجاب کے لیے الگ ہے اور ہم دیکھ رہے ہیں کہ نواز شریف اور ان کے خاندان کے خلاف سنگین مقدمات کے باوجود نہ کوء گرفتاری ہوئی اور نہ ای سی ایل میں نام ڈالا گیا۔

دوسری طرف سندھ سے تعلق رکھنے والا شرجیل میمن خود پیش ہوا لیکن اسے انصاف نہیں مل رہا اور یہ ہماری تاریخ ہے کہ انصاف چہرے، تعلق اور حوالے دیکھ کر کیاجاتا ہے جس سے انصاف سب کیلئے کا سلوگن پامال ہورہا ہے لیکن اب یہ عدلیہ کاامتحان ہے اب ڈبل سٹینڈرڈ نہیں چلے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات قابل افسوس ہے کہ ہمارے اداروں نے ہمیں بڑے اور چھوٹے صوبوں میں تقسیم کر دیا ہے اور یہ بات فیڈریشن کیلئے اچھا شگون نہیں ہے۔

متعلقہ عنوان :