نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم کے یکساں مواقع فراہم کرنا مشن ہے، رضا علی گیلانی

بدھ 6 دسمبر 2017 19:31

نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم کے یکساں مواقع فراہم کرنا مشن ہے، رضا علی گیلانی
لاہور۔6 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 دسمبر2017ء) صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن سید رضا علی گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان کو عالمی معیار کی جامعات دینے کیلئے ہائرایجوکیشن پالیسی مرتب کر رہے ہیں۔ پہلے مرحلے میں پنجاب کی پانچ بڑی سرکاری جامعات کو کیو ایس رینکنگ میں ٹاپ پر لانا میرا مشن ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو عالمی معیار کی اعلیٰ تعلیم کے یکساں مواقع فراہم کرنے کیلئے سرگرم ہیں۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت پنجاب ہر طرح سے نوجوانوں کی تربیت اور کردار سازی کیلئے کاوشیں کر رہی ہے۔ وہ گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کے بخاری آڈیٹوریم میں عالمی ریسرچ کانفرنس سے بطور مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر حسن عامر شاہ، محکمہ اعلیٰ تعلیم کے عہدیداران اور مختلف ممالک سے آئے پروفیسرز اور ریسرچرز کی بڑی تعداد موجود تھی۔

(جاری ہے)

سید رضا علی گیلانی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ریسرچ اوراعلیٰ تعلیم ترقی کیلئے بنیادی جزو بنتے جارہے ہیں۔ ترقی یافتہ دنیا تحقیق اور تعلیم کی بنیاد پر اس مقام پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مستقبل بھی تعلیم کے شعبے پر توجہ دینے سے ہی تابناک ہو گا۔ سید رضا علی گیلانی نے کہا کہ پاکستانی نوجوان اپنی ذہانت کی بنیاد پردنیا بھر کے نوجوانوں سے بہتر ہیں۔

انہیں مواقع فراہم کرنے کی ضرورت ہے اور انکی تربیت سے پاکستان کو اس کا اصل مقام دلوایا جا سکتا ہے۔ بعد ازاں صوبائی وزیر نے یہاں نجی کالج میں کل پاکستان تقاریری،حسنِ قرأت و نعت خوانی مقابلہ جات میں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات میں انعامات تقسیم کیے۔ میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ ایسی ہم نصابی سرگرمیوں سے طلباء میں مثبت فکر و عمل کو پروان چڑھانے میں مدد ملتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ محکمہ ہائر ایجوکیشن اس سے قبل صوبہ بھر کے ہم نصابی سرگرمیوں میں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات میں22کروڑ روپے کی خطیر رقم تقسیم کر چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان مقابلہ جات سے دین اسلام کا حقیقی پیغام نوجوان نسل تک پہنچ رہا ہے۔ انہوں نے حاضرین کو بتایا کہ پنجاب کی بڑی جامعات کو عالمی رینکنگ میں اوپر لانے کیلئے جامع پالیسی مرتب کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ ہائر ایجوکیشن پنجاب اور اس کے ملحقہ اداروں میں میرٹ اور صرف میرٹ ہی اولین ترجیح ہے۔ سید رضا علی گیلانی نے کہا کہ پاکستانی نوجوان دنیا بھر کے نوجوانوں سے زیادہ قابل اور محنتی ہیں۔ انہی نوجوانوں کی بنیاد پر پاکستان اقوام عالم میں اپنا مقام بنائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے طلباء کے ساتھ ساتھ ان کے والدین اور اساتذہ بھی مبارکباد کے مستحق ہیں جنہوں نے ان کی اتنی اچھی تربیت کی۔انہوں نے کہا کہ ہمارا دین اور وطن ہماری پہچان ہے جس پر فخر ہونا چاہیے۔ صوبائی وزیر نے پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات میں انعامات تقسیم کیے اور ان کی کاکردگی کو سراہا۔