سپریم کورٹ نے سابق صوبائی وزیر شرجیل میمن اور دیگر ملزمانکی ضمانت کی درخواستوں پر نیب کو نوٹس جاری کر دیا

بدھ 6 دسمبر 2017 18:47

سپریم کورٹ نے سابق صوبائی وزیر شرجیل میمن  اور دیگر ملزمانکی ضمانت ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 دسمبر2017ء) سپریم کورٹ نے سابق صوبائی وزیر شرجیل میمن کی ضمانت کی درخواست کی سماعت کرتے ہوئے نیب کو نوٹس جاری کر دیا ۔ مزید سماعت جنوری کے پہلے ہفتے تک ملتوی کر دی ہے ،عدالت نے انعام اکبر اور دیگر ملزمان کی جانب سے دائردرخواستوں پر بھی نیب کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے واضح کیا کہ جب ایک کیس میں نیب کونوٹس جاری کئے گئے توباقی درخواستوں میں بھی نیب سے وضاحت طلب کرلیتے ہیں ، بدھ کو جسٹس اعجاز افضل کی سربراہی میں جسٹس دوست محمد خان اورجسٹس اعجازالاحسن پرمشتمل تین رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی، اس موقع پرسابق صوبائی وزیر کے وکیل لطیف کھوسہ نے پیش ہوکرعدالت کے استفسارپربتایاکہ میرے موکل پرکوئی جرم ثابت نہیں ہوا لیکن اس کے باوجود اس کو ضمانت نہیں دی جار ہی،کیونکہ سندھ میں ملزم سے بانڈ نہیں لیا جاتا، بلکہ اسے قید کر دیا جاتا ہے عدالت نے ان سے کہا کہ ہم نیب کونوٹس جاری کرکے وضاحت کیلئے طلب کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

فاضل وکیل نے عدالت سے کہاکہ کیس کے دوسرے ملزم انعام اکبر نے بھی عدالت عظمٰی میں درخواست دائرکررکھی ہے جس میں چیئرمین نیب کے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کے اختیار کو چیلنج کیا گیا ہے عدالت ان کی درخواست کابھی جائزہ لے، جسٹس اعجازافضل نے ان سے کہاکہ عدالت کی جانب سے نیب کو ایک کیس میں نوٹس ہو چکا باقی درخواستوںمیں بھی اسے نوٹس جاری کر دیتے ہیں، بعد ازاں عدالت نے مزید سماعت ملتوی کردی۔