مسابقتی ترقی کے اہداف کے حصول کے لئے پالیسی سازی کی گئی ہے، وزیراعظم نیشنل ہیلتھ پروگرام حکومت کا اہم کارنامہ ہے، پولیو کے خلاف جنگ میں بڑی کامیابیاں حاصل کی گئی ہیں

وفاقی وزیر قومی صحت سائرہ افضل تارڑ کا آٹھویں سالانہ پبلک ہیلتھ کانفرنس کی افتتاحی تقریب سے خطاب

بدھ 6 دسمبر 2017 17:16

مسابقتی ترقی کے اہداف کے حصول کے لئے پالیسی سازی کی گئی ہے، وزیراعظم ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 دسمبر2017ء) وفاقی وزیر قومی صحت سائرہ افضل تارڑ نے کہا ہے کہ وزیراعظم نیشنل ہیلتھ پروگرام کے تحت غریب عوام کو صحت کی سہولیات فراہم کرنا حکومت کا اہم کارنامہ ہے۔ انہوں نے یہ بات آٹھویں سالانہ پبلک ہیلتھ کانفرنس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ سائرہ افضل تارڑ نے کہا کہ مسابقتی ترقی کے اہداف کے حصول کے لئے پالیسی سازی کی گئی ہے اور اس سلسلے میں قومی ہیلتھ ویژن کے تحت اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پولیو کے خلاف جنگ میں بڑی کامیابیاں حاصل کی گئی ہیں جس کا اعتراف عالمی اداروں نے کیا ہے۔ علاوہ ازیں بچوں کے حفاظتی ٹیکوں کے پروگرام کا پاکستان کا ماڈل عالمی اداروں نے مثالی قرار دیا ہے۔

(جاری ہے)

سائرہ افضل تارڑ نے کہا کہ ٹی بی کے خاتمہ میں پاکستان کی کوششوں کی بین الاقوامی سطح پر ستائش ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کے ویژن کے مطابق پاکستان کی تاریخ میں صحت عامہ کے سب سے بڑے منصوبے نیشنل ہیلتھ پروگرام پر عمل درآمد کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اب تک 31 لاکھ خاندان پاکستان کے 40 اضلاع میں اس پروگرام کے تحت صحت کی مفت سہولیات حاصل کر چکے ہیں اور اس کا دائرہ کار پورے ملک میں پھیلایا جا رہا ہے۔ صحت کے شعبے میں گڈ گورنس اور شفافیت کے تحت بڑے پیمانے پر اصلاحات کا سلسلہ جاری ہے۔ سائرہ افضل تارڑ نے کہا کہ ہماری حکومت نے گذشتہ چار سال میں جو اقدامات اٹھائے ہیں وہ گزشتہ 70 سالوں میں نہیں ہوئے۔ ہم نعروں پر نہیں بلکہ کارکردگی پر یقین رکھتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :