چودھری شجاعت کا ڈاکٹرطاہرالقادری کوٹیلیفون،سانحہ ماڈل ٹاؤن پرحمایت کی یقین دہانی

سانحہ ماڈل ٹاؤن پوری قوم کامسئلہ ہے،جسٹس باقر نجفی رپورٹ کا پبلک ہونا خوش آئند ہے،مظلومین کی بھرپورحمایت آئندہ بھی جاری رکھیں گے،سربراہ ق لیگ چودھری شجاعت حسین کی گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 6 دسمبر 2017 16:16

چودھری شجاعت کا ڈاکٹرطاہرالقادری کوٹیلیفون،سانحہ ماڈل ٹاؤن پرحمایت ..
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔06 دسمبر2017ء) : مسلم لیگ(ق) کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کسی ایک پارٹی کا نہیں پوری قوم کا مسئلہ ہے۔ وہ پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری سے ٹیلیفون پر گفتگو کر رہے تھے۔لاہور ہائیکورٹ کے فل بینچ کی جانب سے جسٹس باقر نجفی کی ماڈل ٹاؤن میں قتل عام کے بارے میں رپورٹ پبلک کرنے کے فیصلہ کے بعد دونوں رہنماؤں میں ٹیلیفونک رابطہ ہوا تھا۔

چودھری شجاعت حسین نے سانحہ پر ڈاکٹر طاہر القادری کو بھرپور حمایت کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ جسٹس باقر نجفی رپورٹ کا پبلک ہونا خوش آئند ہے، سانحہ ماڈل ٹاؤن میں جاں بحق ہونے والوں کے ورثا اور زخمی آج بھی انصاف کے منتظر ہیں اور ہماری جماعت پاکستان مسلم لیگ اس مسئلہ پر پہلے دن سے عملی طور پر ان کا ساتھ دے رہی ہے اور ہر فورم پر خواتین سمیت نہتے افراد کے قتل کے خلاف آواز اٹھا رہی ہے، وہ آئندہ بھی ان کی بھرپور حمایت جاری رکھے گی۔

(جاری ہے)

چودھری شجاعت حسین نے اس یقین کا اظہار کیا کہ جیسا کہ پوری قوم چاہتی ہے اس سانحہ کے مظلومین کو اس دنیا میں بھی انصاف ضرور ملے گا اور بیگناہوں کے قتل میں ملوث تمام افراد کو اپنے مقام و مرتبہ سے قطع نظر ضرور سزا ملے گی جس سے آئندہ کسی کو ایسی سنگین حرکت کرنے کی جرات نہیں ہو گی۔