سپریم کورٹ نے شرجیل میمن کی ضمانت کی درخواست پر نیب کو نوٹس جاری کردیا

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 6 دسمبر 2017 14:17

سپریم کورٹ نے شرجیل میمن کی ضمانت کی درخواست پر نیب کو نوٹس جاری کردیا
کراچی(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔06 دسمبر۔2017ء) سپریم کورٹ نے پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماءاور سابق صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن کی ضمانت کی درخواست پر قومی احتساب بیورو کو نوٹس جاری کردیا ہے۔عدالت عظمیٰ نے سماعت کے دوران شرجیل انعام میمن کے وکیل لطیف کھوسہ نے عدالت کو بتایا کہ سندھ میں ملزم سے ضمانتی مچلکے نہیں لیے جاتے بلکہ انہیں قید کر دیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ انعام اکبر نے چیئرمین نیب کے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کے اختیار کو چیلنج کر رکھا ہے جس پر عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ ایک کیس میں نوٹس جاری ہو چکا تاہم باقی افراد کے لیے بھی کیسز بھی جاری کر دیتے ہیں۔عدالت عظمیٰ نے انعام اللہ اکبر سمیت دیگر 4 ملزمان کی درخواستوں پر بھی نیب کو نوٹسز جاری کردیے۔

(جاری ہے)

بعد ازاں عدالت نے شرجیل انعام میمن کی ضمانت کی درخواست پر سماعت کو آئندہ برس جنوری کے پہلے ہفتے تک ملتوی کردیا تاہم اس کی حتمی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔

سابق صوبائی وزیر کے وکیل لطیف کھوسہ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اداروں کو امتیازی سلوک نہیں رکھنا چاہیے۔لطیف کھوسہ نے کہا کہ کچھ لوگ نیب زادے اور کچھ نیب زدہ ہیں جس میں صرف نیب زدہ ہی جیل جاتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ سندھ اسمبلی میں اس سلوک کے حوالے سے قرارداد بھی پیش کی گئی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ کچھ لوگ عدالتوں میں ایسے پیش ہوتے ہیں جیسے شاہی دربار میں آتے ہوں۔