گورنر سندھ سے روٹری کلب کے صدر کی ملاقات، اہم امور پر گفتگو کی گئی

پولیو جیسے موذی مرض کے خاتمہ کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کو یقینی بنایا جا رہا ہے ،گورنر سندھ تعلیم کے فروغ سے لوگوں میں شعور اجاگر کیاجا سکتا ہے یہی وجہ ہے کہ حکومت ترجیحی بنیادوں پر تعلیم کے فروغ پر بھرپور توجہ دے رہی ہے،پاکستان سے پولیو کے خاتمہ کی کاوشوں میں روٹری انٹرنیشنل کا تعاون قابل تعریف ہے،پولیو سے بچائوکے قطرے اس موذی مرض کے خاتمہ کے لئے ضروری ہیں،پولیو کا خاتمہ پورے معاشرے کی اجتماعی ذمہ داری ہے،پولیو قطروں کے بارے میں پائی جانے والی غلط فہمیوں کو دور کرنے کے لئے مسلسل آگاہی مہم بھی ضروری ہے، گورنر سندھ کی گفتگو

منگل 5 دسمبر 2017 22:37

گورنر سندھ سے روٹری کلب کے صدر کی ملاقات، اہم امور پر گفتگو کی گئی
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 05 دسمبر2017ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ پولیو جیسے موذی مرض کے خاتمہ کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کو یقینی بنایا جا رہا ہے ،ملک میں جاری پولیو کے خاتمہ کی مہم میں لوگ بڑھ چڑھ کر تعاون فراہم کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تعلیم کے فروغ سے لوگوں میں شعور اجاگر کیاجا سکتا ہے یہی وجہ ہے کہ حکومت ترجیحی بنیادوں پر تعلیم کے فروغ پر بھرپور توجہ دے رہی ہے اس ضمن میں نجی ادارے اہم کردار ادا کررہے ہیں جن میں روٹری کلب انٹرنیشنل سرفہرست ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہائوس میں روٹری کلب انٹرنیشنل کے صدر ریسلے رین کی قیادت میں 7 رکنی وفد سے ملاقات میں کیا۔ اس موقع پر پولیو پلس کمیٹی کے سربراہ عزیز میمن بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان سے پولیو کے خاتمہ کی کاوشوں میں روٹری انٹرنیشنل کا تعاون قابل تعریف ہے،پولیو سے بچائوکے قطرے اس موذی مرض کے خاتمہ کے لئے ضروری ہیں،پولیو کا خاتمہ پورے معاشرے کی اجتماعی ذمہ داری ہے،پولیو قطروں کے بارے میں پائی جانے والی غلط فہمیوں کو دور کرنے کے لئے مسلسل آگاہی مہم بھی ضروری ہے،پولیو کے خاتمہ کے لئے تمام طبقات خصوصاً علمائے کرام اور اپنے شعبوں کے نامور افراد کی شمولیت خوش آئند ہے،امن و امان کے قیام کے بعد پولیو ٹیموں کو ملک کے تمام علاقوں تک رسائی حاصل ہے،پولیو کے خاتمہ کے ضمن میں روٹری کلب کی پولیو پلس کمیٹی بھی نمایاں خدمات انجام دے رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ امن و امان کے قیام کے بعد پولیو مہم میں حائل مشکلات کا خاتمہ ہو گیا ہے ، لوگوں میں پولیو سے متعلق آگاہی فراہم کرنے کے باعث لوگ رضاکارانہ طور پر پولیو کے قطرے اپنے بچوں کو پلا رہے ہیںجوکہ خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسداد پولیو اور تعلیم کے فروغ میں روٹری کلب کی اہم خدمات ہیں جسے عوام قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ،مفاد عامہ کے لئے اٹھائے گئے ہر اقدام کے لئے حکومت بھرپور معاونت فراہم کرتی ہے اس ضمن میں روٹری کلب کے ساتھ آئندہ بھی تعاون جاری رکھا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ مسلسل پولیو مہم کے جاری رہنے سے پولیو کا مرض تقریبا ً ختم ہو گیا ہے اس ضمن میں حکومت پر عزم ہے کہ جلد دیگر امراض کے خاتمہ کے لئے بھی پولیو طرز پر مہم شروع کی جائے گی تاکہ لوگوں کو موذی امراض سے نجات دلائی جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبہ میں تعلیم اور صحت جیسی دوبنیادی ضروریات عوام تک پہچانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کو یقینی بنایا جا رہا ہے ، صوبہ کے دور دراز علاقوں میں صحت اور تعلیم کے مراکز قائم کئے جارہے ہیں تاکہ لوگوں کو ان کی دہلیز پر بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔

ملاقات میں روٹری کلب انٹرنیشنل کے صدر ریسلے ریننے گورنر سندھ کو صوبہ میں پولیو کے خاتمہ اور تعلیم کے فروغ کے لئے اٹھائے گئے اقدامات کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کرتے ہوئے حائل رکاوٹوں اور درپیش مشکلات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پولیو کی جاری مہم میں حکومت کا تعاون مثالی رہا ہے جس کے باعث انسداد مہم کامیابی سے جاری ہے اور پولیو کے خاتمہ کے لئے روٹری انٹرنیشنل اپنا تعاون جاری رکھے گا۔