لاہور،بچوں کو تعلیم کے ساتھ سماجی مسائل وحل کے بارے میں شعور وآگہی دینا ان کی کردار سازی کا اہم حصہ ہے،رانامشہود احمدخاں

حکومت کے ساتھ نجی تعلیمی ادارے بھی اہم کردار ادا کررہے ہیں جن کی تعلیمی شعبے میں بہترین خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں،صوبائی وزیر تعلیم

منگل 5 دسمبر 2017 20:36

لاہور،بچوں کو تعلیم کے ساتھ سماجی مسائل وحل کے بارے میں شعور وآگہی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 دسمبر2017ء) صوبائی وزیر تعلیم رانامشہود احمدخاں نے کہا ہے کہ بچوں کو تعلیم کے ساتھ سماجی مسائل وحل کے بارے میں شعور وآگہی دینا ان کی کردار سازی کا اہم حصہ ہے جس کے لئے حکومت کے ساتھ نجی تعلیمی ادارے بھی اہم کردار ادا کررہے ہیں جن کی تعلیمی شعبے میں بہترین خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

انہوں نے یہ بات آل پاکستان پرائیویٹ سکول الائنس کے زیراہتمام جواد کلب میں 18ویں’’اینٹی ڈینگی بچوں کا میلہ‘‘میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی ڈاکٹرمظفر جاوید اقبال چشتی،ڈی او سیکنڈری خالد اخترچوہدری،سیکرٹری ایجوکیشن بورڈ خرم شہزاد قریشی،سی ای او ایجوکیشن بورڈ خرم شہزاد قریشی،سی ای او ایجوکیشن اتھارٹی لاہورزاہد بشیر گورایہ،ڈائریکٹر لائیوسٹاک ڈاکٹرمحمدنوازملک،چیئرمین آل پاکستان پرائیویٹ سکول الائنس صداقت حسین لودھی،ڈائریکٹر پنجاب کالجز رفعت اقبال،پرائیویٹ سکولز کے مالکان/منتظمین اورمختلف سکولوں کے ہزاروں کی تعداد میں بچے اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

بچوں کے میلہ میں محکمہ لائیوسٹاک کی جانب سے بچوں کی دلچسپی کے لئے مختلف خوبصورت جانوروں وپرندوں کی نمائش کا اہتمام کیا گیا تھا جبکہ بچوں کے کھیل تماشوں کے لئے جھولوں،موت کاکنواں،چڑیا گھر،کھانے پینے کی اشیاء کے سٹالز اوردیگر رنگارنگ ایونٹس منعقد ہوئے۔اس موقع پر کوئز پروگرام میں بچوں کو انعامات اور کوئز کی قرعہ اندازی کے ذریعے جیتنے والے خوش نصیب کوموٹرسائیکل کاانعام دیا گیا۔

صوبائی وزیر تعلیم نے مسلسل اٹھارہ سال سے بچوں کے میلے کاانعقاد کرنے پر آل پاکستان پرائیویٹ سکول الائنس کے احسن اقدام کو سراہااور کہا کہ ایسے رنگا رنگ پروگرامز سے نہ صرف بچوں کو تفریح کے مواقع میسر آتے ہیں بلکہ انسداد ڈینگی سمیت انسداد پولیو اور دیگر سماجی مسائل کے موضوع پر میلے کے انعقاد سے شرکاء میں شعوروآگاہی پیداہوسکتی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ محمدشہبازشریف کے ویژن کے مطابق حکومت پنجاب دیگر شعبوں کی طرح ایجوکیشن سیکٹر کی ترقی واستحکام پر بھی خصوصی توجہ دے رہی ہے۔اسی مقصد کے لئے انقلابی تعلیمی پالیسیوں پر عمل پیرا ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب عنقریب ایک میگا سپورٹس میلے کا اہتمام کررہی ہے جس میں پنجاب بھر سے ایک کروڑ بچوں کی شرکت متوقع ہے۔

انہوں نے کہا کہ نصابی کے ساتھ ہم نصابی سرگرمیوں پر بھی خصوصی توجہ مرکوز ہونی چاہیے جس سے قوم کے نونہالوں میں خوداعتمادی اور عزم وہمت کے جذبات پروان چڑھتے ہیں جو کہ مضبوط اور توانا قوم کیلئے ناگزیر ہیں۔صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد نے پرائیویٹ سکولز کو درپیش مسائل کے حل کایقین دلاتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب نجی شعبہ کو ساتھ لیکر چلنے پر یقین رکھتی ہے جو کہ حکومت کا بوجھ بانٹ رہے ہیں۔

اس سے قبل خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے چیئرمین آل پاکستان پرائیویٹ سکولز الائنس صداقت حسین لودھی نے بچوں کے میلے میں شرکت کرنے پر صوبائی وزیر تعلیم کا شکریہ ادا کیااور کہاکہ ان کی شمولیت سے والدین بچوں اور پرائیویٹ سکولز انتظامیہ کی بھرپور حوصلہ افزائی ہوئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہر سال اس میلے میں مختلف سکولوں کے 20ہزارکے قریب بچے شرکت کرتے ہیں جنہیں منظم پروگرام کے تحت پورا دن تفریح کے بھرپور مواقع فراہم کئے جاتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ پرائیویٹ سکولزحکومت پنجاب کی انسداد ڈینگی وانسداد پولیو مہم میں بھرپور حصہ لینے کے علاوہ دیگر سماجی مسائل وحکومتی اقدامات میں مکمل معاونت کرتے ہیں۔انہوں نے مختلف ٹیکسز کے متعلق پرائیویٹ سکولز کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔اس موقع پر مختلف سکولوں کے بچوں نے ملی نغمے،ٹیبلو جبکہ کیمل اورگوٹ ڈانس بھی پیش کئے گئے۔بعدازاں صوبائی وزیرتعلیم رانامشہود احمدخاں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت نے انقلابی اقدامات کے تحت لوڈشیڈنگ،دہشتگردی اور دیگر مسائل پر قابو پایا کر وطن عزیز کواپنے پائوں پر کھڑا کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ فصلی بٹیرے عوام کے سامنے بے نقاب ہوچکے ہیںاور عوام ووٹ کی طاقت سے ان کا احتساب کرے گی۔