انٹر نیشنل اینٹی کرپشن ڈے کے موقع پر محکمہ اینٹی کرپشن کے زیر اہتمام سیمینار اور واک کا انعقاد

معاشرے کے ہر فرد کو کرپشن کے خاتمے کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا ‘کرپشن کے خاتمے کیلئے حکومتی اقدامات اقدامات قابل تعریف ہیں کرپٹ عناصر کو نشان عبرت بنا دینگے ‘چیئر مین رانا سکندر حیات خاں اور ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی کرپشن محمد عمر مقبول کا تقریب سے خطاب

منگل 5 دسمبر 2017 19:21

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 دسمبر2017ء) انٹر نیشنل اینٹی کرپشن ڈے کے موقع پر محکمہ اینٹی کرپشن قصور کے زیر اہتمام ڈی پی ایس آڈیٹوریم میں سیمینار اور کچہری چوک میں واک کا انعقاد کیا گیا ۔ جس میں چیئر مین ضلع کونسل رانا سکندر حیات خاں ‘ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل عبدالسلام عارف ‘ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی کرپشن قصور محمد عمر مقبول ‘چیئر مین میونسپل کمیٹی قصور ایاز احمد خاں ‘چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر عبدالمجید ‘تحصیلدار قصور چوہدری غضنفر نوید ‘پرنسپل ڈی پی ایس کرنل (ر) محمد عدیل ‘مختلف محکموں کے سربراہان ‘صحافیوںاورمعززین شہر کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔

اس موقع پر تقریب کے مہمان خصوصی چیئر مین ضلع کونسل رانا سکندر حیات خاں نے کہا کہ کرپشن نے ملک کی جڑوں کو کھوکھلا کر دیا ہے معاشرے کے ہر فرد کا یہ فرض بنتا ہے کہ وہ ملک سے کرپشن کے خاتمے کیلئے اپنا کردار ادا کرے تا کہ ہماری نئی نسل کرپشن کے ناسور سے دور رہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کرپشن کے خاتمے کیلئے حکومت پنجاب اور باالخصوص وزیر اعلی پنجاب محمد شہبازشریف کے عملی اقدامات کی تعریف کی اور کہا کہ ہم سب کو اس برائی کے خاتمے کیلئے متعلقہ اداروں کیساتھ بھرپور تعاون کرنا ہوگا تا کہ معاشرے میں پائے جانیوالے کرپٹ عناصر کا قلعہ قمہ ہو سکے ۔

انہوں نے کہا کہ کرپشن کے خاتمے کیلئے بھرپور آگاہی مہم چلانا ہوگی تا کہ اس کو جڑ سے اکھاڑا جا سکے ۔ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی کرپشن قصور محمد عمر مقبول نے کہا کہ کرپشن کے مرتکب ہونے والے مختلف سرکاری محکموں کے افسران و اہلکاران کے خلاف بلا تفریق سخت کاروائی کی جارہی ہے اور کرپشن کا ناسور کسی صورت برداشت نہیں کیا جائیگا اور کرپشن کرنیوالوں کو نشان عبرت بنا دیا جائیگا۔ انہوں نے عوام الناس سے اپیل کی کہ وہ اپنے ارد گرد موجود کرپٹ عناصر کی نشاندہی کریں تا کہ انکے خلاف کاروائی کی جا سکے ۔ اس موقع پر دیگر نے بھی خطاب کیا ۔ علاوہ ازیں دفتر اینٹی کرپشن کچہری چوک سے ڈی پی او آفس تک آگاہی واک منعقد کی گئی جس میں متعلقہ افسران اور شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔

متعلقہ عنوان :